زوجۂ رسول ﷺ سیدہ خدیجۃ الکبریٰ جوہر شناس، اعلیٰ پائے کی منتظم تھیں: فرح ناز
آپ رضی اللہ عنہا رحم دل خاتون اور بطور تاجر شام سے یمن تک مشہور تھیں
حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا نے آپ ﷺکی نبوت کی سب سے پہلے تصدیق کی
آپ کو دنیا کی پہلی مسلمان خاتون ہونے کا شرف بھی حاصل ہے
لاہور (4 مئی 2020ء) تحریک منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر فرح ناز نے زوجۂ رسولﷺ سیدہ خدیجۃ الکبریٰ رضی اللہ عنہا کے یوم وصال کے موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ زوجۂ رسول ﷺ پارسا، جوہر شناس، اعلیٰ پائے کی منتظم اوررحم دل خاتون تھیں، آپ کی تجارت کی شام سے یمن تک شہرت تھی، حضرت خدیجۃ الکبریٰ رضی اللہ عنہا نے اعلان نبوت کی خبر سب سے پہلے سنی اور تصدیق کی، آپ کو دنیا کی پہلی مسلمان خاتون ہونے کا شرف بھی حاصل ہے، مہر نبوت عطاء ہونے پر آپ رضی اللہ عنہا نے حضور نبی اکرم ﷺ کو جس محبت بھرے الفاظ سے تسلی دی وہ الفاظ تاریخ کا سنہرا باب بن گئے، آپ رضی اللہ عنہا نے فرمایا اللہ آپ ﷺ کو کبھی تنہا نہیں کرے گا، آپ ﷺ صلہ رحمی کرتے ہیں، بے کسوں اور فقیروں کے معاون ہیں، آپ ﷺ مہمان نوازی کرتے ہیں اور مسائل میں حق کی حمایت کرتے ہیں، حضرت خدیجۃ الکبریٰ اسلام کے متعلق آپ ﷺ کی سچی مشیر تھیں اور اپنے ہاتھوں سے خدمت بجا لاتی تھیں، حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا تمام مسلمان خواتین کے لیے رول ماڈل ہیں، وہ ایک بہترین ماں، تاجرہ، شریک حیات اور مسلمان تھیں، انہوں نے مزید کہا کہ آپ نے بطور تاجر وہ نام کمایا جو کسی اور کے حصے میں نہیں آیا، حسن تدبیر، دیانتداری میں وہ اپنی مثال آپ تھیں، آپ رضی اللہ عنہا کے تجارتی قافلوں میں عیسائی اور یہودی ملازم بھی شامل تھے مگر وہ سب سے منصفانہ برتاؤ کرتی تھیں۔
تبصرہ