اعتکاف کی نیت سے گھروں میں گوشہ نشین ہو جائیں : ڈاکٹر طاہرالقادری

مورخہ: 14 مئی 2020ء

ہر روز 3 پارے معہ ترجمہ قرآن پاک کی تلاوت کریں، عبادات بڑھائیں
کورونا وائرس سے بچاءو کےلئے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد جاری رکھیں

لاہور (14 مئی 2020) قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ اس سال رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں اجتماعی اعتکاف نہیں ہو گا جسکا اعلان پہلے بھی کر چکا ہوں۔ رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں دس دنوں کےلئے گھروں میں اعتکاف کی طرز پر نیت کر کے گوشہ نشینی اختیار کریں۔ اپنی عبادات کو پہلے سے زیادہ کر لیں، طاق راتوں کی برکات سمیٹیں اور دن بھر ترجمہ کے ساتھ قرآن مجید کی تلاوت کریں۔ کوشش کریں یومیہ 3 پار وں کی تلاوت معہ ترجمہ کریں تاکہ قرآن مجید کا فہم حاصل ہو۔ 3 پارے ترجمہ و تلاوت کےلئے عرفان القرآن کو اٹھا لیں، ان شا اللہ دس دن میں پورا قرآن پاک مکمل ہو جائیگا۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ جو لوگ گھروں میں خلوت اختیار نہیں کر سکتے اور با امر مجبوری کام کاج کے سلسلے میں باہر جا تے ہیں وہ بھی احتیاطی تدابیر اور سماجی فاصلے اختیار کریں۔ انہوں نے کہاکہ تحریک منہاج القرآن کے جملہ رفقاء اوروابستگان کےلئے میرا پیغام ہے کورونا وائرس سے بچاءو کےلئے جو احتیاطی تدابیر اول روز سے شروع کی گئی تھیں ان پر بدستور عمل جاری رکھیں، کسی قسم کی غفلت اور کوتاہی نہ کریں، بے احتیاطی سے نقصان ہو گا۔ سب کےلئے میری تلقین ہے کہ خود کو ناجائز حد تک ریلیکس نہیں کرنا۔ ہاتھوں کو دھوئیں، ماسک، گلوز کا استعمال کریں۔ ان احتیاطی امور کے حوالے سے کسی قسم کا کمپرومائز نہیں کرنا۔ اللہ رب العزت تمام مسلمانوں کی، پاکستانیوں اور تمام انسانوں کی حفاظت فرمائے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top