تحریک منہاج القران نے سوشل میڈیا ورکنگ کونسل تشکیل دیدی

مورخہ: 16 مئی 2020ء

11 رکنی کونسل 2 سال کے لئے نامزد کی گئی، ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کی مبارکباد
اسلام پاکستان کی آئیڈیالوجی، منہاج القرآن کے علمی تشخص کو اجاگر کرینگے، فرخ شہزاد

لاہور (16 مئی 2020ء) منہاج القرآن انٹرنیشنل کی طرف سے 11 رکنی سوشل میڈیا ورکنگ کونسل تشکیل دے دی گئی ہے، کونسل کا ہیڈ چودھری فرخ شہزاد کو مقرر کیا گیا ہے۔ ویمن لیگ کی ہیڈ جویریہ وحید، یوتھ لیگ کے ہیڈ عمر قریشی، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے ہیڈ سید فراز ہاشمی مقرر کیے گئے ہیں جبکہ کوآرڈینیٹرز، ڈپٹی کوآرڈینیٹرز میں تحریم رفعت، رابعہ مدثر، رائے ساجد حسین، حافظ آصف جوئیہ، محب مجید، حیدر مصطفی شامل ہیں۔ مرکزی ڈپٹی کوآرڈینیٹر حسن زمان تارڑ ہونگے۔ منہاج القرآن سوشل میڈیا ورکنگ کونسل کا نوٹیفکیشن تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور نے باضابطہ طور پر جاری کر دیا ہے، منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، صدر منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین قادری اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی نے سوشل میڈیا ورکنگ کونسل کے نئے عہدیداروں کو ان کی نامزدگی پر مبارکباد دی ہے۔

نوراللہ صدیقی نے کہا کہ سوشل میڈیا ورکنگ کونسل کے ایک مرکزی کوآرڈینیٹر اور ایک ڈپٹی کوآرڈینیٹر کے نوٹیفکیشن بعد میں جاری ہونگے، نوراللہ صدیقی نے بتایا کہ سوشل میڈیا ورکنگ کونسل دو سال کے لئے قائم کی گئی ہے جس کی مدت مئی 2022ء میں مکمل ہو گی۔

سوشل میڈیا ورکنگ کونسل کے نامزد ہیڈ چودھری فرخ شہزاد نے کہا ہے کہ منہاج القرآن کی قیادت نے جو اعتماد کیا ہے اس پر پورا اترنے کی کوشش کرینگے اور اسلام، پاکستان کی آئیڈیالوجی، منہاج القرآن کے علمی فکری پرامن تشخص کو اجاگر کرنے کیلئے اپنی تمام تر صلاحتیں بروئے کار لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت سوشل میڈیا کے ذریعے اسلام اور پاکستان کی آئیڈیالوجی پر کاری ضربیں لگائی جارہی ہیں اور نوجوان نسل کے ساتھ فکری دہشتگردی عروج پر ہے، سوشل میڈیا ورکنگ کونسل اسلام اور پاکستان کے خلاف ہونے والی سازشوں کے سامنے بند بنے گی اور پاکستان کو فرقہ واریت، انتہا پسندی کے ذریعے کمزور اور تقسیم کرنے والوں کو بے نقاب کرینگے اور نوجوانوں کو زمینی حقائق سے خبردار کرتے رہیں گے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top