سویڈن: منہاج القرآن کے درینہ رفیق حاجی محمد اسلم کرونا کے باعث انتقال کر گئے، شیخ الاسلام کا اظہار افسوس

مورخہ: 05 جون 2020ء

مالمو: منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کے بانی اور منہاج القرآن انٹرنیشنل سویڈن کے سینئر رکن حاجی محمد اسلم (پی آئی اے والے) یکم جون 2020کو covid-19 کے باعث انتقال کرگئے، چار جون کو ان کی نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد مالمو (سویڈن) میں مسلم کمیونٹی کے قبرستان میں انہیں سپرد خاک کر دیا گیا۔ اس سے قبل بانی و سرپرستِ اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اپنے تعزیتی پیغام میں حاجی محمد اسلم کی وفات پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا اور منہاج القرآن انٹرنیشنل کے لیے انجام دی گئی ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کی بخشش و مغفرت کے لیے دعا کی اور انکے لواحقین اور منہاج القران انٹرنیشنل کے رہنماؤں اور رفقاء سے اظہار تعزیت بھی کیا۔

حاجی محمد اسلم کی نماز جنازہ  منہاج القرآن انٹرنیشنل سویڈن کے صدر علامہ سید محمود شاہ نے پڑھائی جبکہ منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کے ڈائریکٹر مفتی ارشاد حسین سعیدی نے ان کی مغفرت کے لیے خصوصی دعا فرمائی- نماز جنازہ میں مرحوم کے قریبی رشتےداروں اور دوست احباب سمیت منہاج القرآن انٹرنیشنل سویڈن اور ڈنمارک کے عہدیداران اور کارکنان شریک تھے جن میں منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کے صدر ڈاکٹر عرفان ظہور، جنرل سیکرٹری محمد رضوان، منہاج القرآن مالمو کے سینئر نائب صدر رضوان بٹ اور جنرل سیکرٹری بابر شفیع شیخ، عامر صادق، قیصر بشیر، علامہ محمد اویس قادری، علامہ محمد اصغر قادری اور حافظ فرحان شامل تھے۔ شرکاء نے حاجی محمد اسلم مرحوم کے لیے بخشش کی دعا کی۔ اللہ تعالی اپنے پیارے محبوب کے صدقے انکی مغفرت فرمائے اور جنت میں اعلی مقام عطا فرمائے، آمین۔

نوٹ : مورخہ 6 جون 2020 بروز ہفتہ منہاج القرآن مالمو سویڈن کے زیر اہتمام حاجی اسلم مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کے لیے (online) قرآن خوانی اور دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا جا رہا ہے جسے سوشل میڈیا اور فیس بک پر براہ راست نشر کیا جائے گا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top