دروس بخاری شریف کی 40 روزہ لیکچرز سیریز اختتام پذیر
ڈاکٹر طاہرالقادری لیکچرز سننے والے 27 ہزار افراد کو دستخط شدہ سند جاری کرینگے
شیخ الاسلام نے اصلاح احوال و آداب زندگی کے موضوع پر لیکچرز دیئے
مسلسل 40 روز آن لائن لیکچرز کے ذریعے ایک نئی تاریخ رقم کی گئی: خرم نواز گنڈاپور
لاہور (6 جون 2020ء) قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری 7 جون کو مسلسل 40 روز تک دیئے جانے والے بخاری شریف کے لیکچرز کے اختتام پر آن لائن رجسٹریشن کے ذریعے سماعت کرنے والے 27 ہزار سے زائد افراد کو سند جاری کریں گے، شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کورونا وائرس کی وباء اور لاک ڈاؤن کے دوران حلقات التربیۃ کے عنوان سے اصلاح احوال و آداب زندگی کے موضوع پر بخاری شریف اور امام غزالی رحمۃ اللہ علیہ کی شہرہ آفاق کتاب احیاء علوم الدین سے لیکچرز دیئے جسے سوشل میڈیا پر بے حد سراہا گیا، ان لیکچرز کی سماعت کے لئے ملک بھرکے طول وعرض سے 27 ہزار سے زائد علماء، مشائخ، اسلامیات کے اساتذہ، طلباء اور یونیورسٹیز کے اسلامک ڈیپارٹمنٹس کے ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹس سمیت خواتین و حضرات کی ایک بڑی تعداد نے رجسٹریشن کروائی جبکہ رجسٹریشن کروائے بغیر لیکچرز سننے والوں کی تعداد 2 گنا زائد تھی۔
تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے مسلسل 40 روز لیکچرز دے کر ایک نئی تاریخ رقم کی ہے، ان کے علمی، اصلاحی لیکچرز لاکھوں افراد نے سنے اور انہیں سراہا، انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اور تحریک منہاج القرآن نے اصلاح احوال و اصلاح امت کے لئے وقف کررکھا ہے، یہ بات باعث مسرت ہے کہ کورونا وائرس کی وباء کے دوران آن لائن لیکچرز سننے والوں میں بڑی تعداد علماء، مشائخ و نوجوانوں کی تھی، انہوں نے کہا کہ ان شاء اللہ آج 7 جون 10 بجے ختم بخاری شریف کے موقع پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری خصوصی خطاب بھی کریں گے۔
تبصرہ