کورونا متاثرین کی تعداد میں اضافہ باعث تشویش ہے: ڈاکٹر طاہرالقادری

مورخہ: 09 جون 2020ء

عوام مکمل احتیاط کریں، انتقال کر جانے والوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں
کورونا وائرس نے دنیا کی حقیقت کھول کررکھ دی، انسان آخرت کی فکر کرے، قائد تحریک منہاج القرآن

لاہور (9 جون 2020ء) قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وباء بدستور قائم ہے، متاثرہ افراد کی تعداد میں روزبروز اضافہ باعث تشویش ہے، عوام ازخود مکمل احتیاط کریں اور کورونا وائرس سے بچنے کیلئے قومی وبین الاقوامی صحت کے اداروں کی احتیاطوں اور تجاویز پر عمل کریں۔ انہوں نے پاکستان میں کورونا وائرس کے باعث انتقال کر جانے والے شہریوں کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار اور بخشش کی دعا کی ہے اور بیماروں کے لئے شفائے کاملہ کی دعا کی ہے۔

گزشتہ روز اپنے آن لائن لیکچرز میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ کورونا وائرس نے دنیا کی حقیقت اور پائیداری کھول کررکھ دی، انسان آخرت کی فکر کرے، میں باردگر تجویز کروں گا کہ فرصت کے ان لمحات میں اپنی ذات کا محاسبہ کریں اور حقوق و فرائض کے باب میں جو کوتاہیاں ہوئیں یا مزاج کا حصہ بن چکی ہیں ان سے کنارہ کشی اختیار کریں، نماز اورصبر کے ذریعے اللہ دے مدد مانگیں۔ نماز کی ادائیگی کی عادت کو پختہ کریں یہ فرائض میں سے ہے اس میں کوتاہی کی کوئی معافی نہیں ہے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ اہل عقل آزمائشوں سے نتیجے نکالتے ہیں تو اس آزمائش کا نتیجہ یہ ہے کہ آخرت کی زندگی کو کامیاب بنانے کے لئے اس زندگی میں محنت کی جائے۔ دنیا کی زندگی عارضی اور بہت تھوڑی ہے۔ حرص، ہوس، لالچ انسان کو برباد کر دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خلوص نیت کے ساتھ ترجمے کے ساتھ قرآن مجید کو پڑھیں اور احادیث نبویﷺ کا مطالعہ کریں اور جاننے کی کوشش کریں کہ اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے نزدیک ایک انسان کی کامیاب زندگی سے کیا مراد ہے؟ انہوں نے مزید کہا کہ چالیس روزہ حلقات التربیۃ کے لیکچرز کو بار بار سنیں آپ کے دل میں اسلام، قرآن و سنت سے محبت کے جذبات پیدا ہونگے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top