شہدائے ماڈل ٹاؤن کی 6ویں برسی، دعائیہ تقریبات کا سلسلہ جاری

مورخہ: 18 جون 2020ء

منہاج القرآن لاہور کے رہنماؤں کی شہدائے ماڈل ٹاؤن کی قبروں پر فاتحہ خوانی
شہدا کا خون قرض ہے آخری سانس تک انصاف مانگیں گے
حافظ غلام فرید، اشتیاق حنیف مغل و دیگر رہنماؤں کی شہدا کے ورثاء سے ملاقات

لاہور (16 جون 2020) تحریک منہاج القرآن لاہور کے صدر حافظ غلام فرید، ناظم اشتیاق حنیف مغل کی قیادت میں ضلعی قائدین و کارکنان پر مشتمل وفد نے لاہور میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کے 6 شہدا کی قبروں پر حاضری دی، پھولوں کی چادریں چڑھائیں، فاتحہ خوانی کی۔ وفد نے شہدا کے ورثا کے گھر وں میں جا کر اظہار یکجہتی بھی کیا۔ وفد نے شہدا ماڈل ٹاؤن کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور پیغام دیا کہ پوری تحریک شہدا ماڈل ٹاؤن کے ساتھ کھڑی ہے، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے منہاج القرآن لاہور کے صدر حافظ غلام فرید نے کہا کہ شہدا ماڈل ٹاؤن نے ظلم کے نظام کے خلاف آواز بلند کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ شہدا کا خون قرض ہے آخری سانس تک انصاف مانگیں گے۔ تحریک منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک نے اپنے شہدا کو یاد رکھا ہے اور انکی قربانیوں کو فخر کا تاج سمجھتے ہیں۔ وفد میں منہاج القرآن لاہور کے عہدیداران حاجی امجد علی قادری، میاں ممتاز حسین، حافظ عبد الرحمان، علامہ غلام اصغر صدیقی، انجینئر محمد عمر، ثناء اللہ خان، شہباز بھٹی، طارق الطاف، خالد محمود، عارف چودھری، حاجی محمد اسحاق، الیاس ڈوگر، حاجی ارشد سمیت ضلعی قائدین اور کارکنان شامل تھے۔ وفد نے تنزیلہ امجد، شازیہ مرتضیٰ شہید کی قبروں پر حاضری دی۔ وفد نے عاصم حسین شہید، غلام رسول شہید، عمر صدیق شہید، صوفی محمد اقبال شہید کی قبروں پر بھی حاضری دی اور پھولوں کی چادریں چڑھائیں۔ حافظ غلام فرید نے شہدا ماڈل ٹاؤن کے لواحقین سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ اس وقت کے حکمرانوں نے اپنا اقتدار اور لوٹی دولت بچانے کےلئے ماڈل ٹاؤن میں بے گناہوں کا خون بہایا۔ قاتل انجام سے نہیں بچ سکیں گے۔ شہدا کے خون کے قطرے قطرے کا حساب دینا ہو گا۔ ظالموں نے خواتین کے چہروں پر گولیاں برسا کر انہیں شہید کر کے بزدلی کی شرمناک تاریخ رقم کی۔ 6 سال گزر گئے انصاف نہیں ملا، انصاف کے حصول تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top