حکومت احتیاطی تدابیر کے ساتھ تعلیمی ادارے کھولنے پر غور کرے : ڈاکٹر ممتاز الحسن

مورخہ: 19 جون 2020ء

منہاج القرآن نے آن لائن تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھ کر ایک نئی تاریخ رقم کی ہے
چیئرمین سپریم کونسل کی آن لائن تدریسی سرگرمیوں پر ایڈمنسٹریشن اور طلبہ کو مبارکباد
حکومت ہر جگہ انٹرنیٹ کی سہولت مہیا کرنے کےلئے بھی اقدامات کرے
تعلیمی نقصان معاشی نقصان سے کئی گنا زیادہ سنگین ہے: پرنسپل کالج آف شریعہ

لاہور (19 جون 2020) منہاج القرآن کے تعلیمی ادارے کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے پرنسپل ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی نے کہا ہے کہ دعا ہے کہ کورونا وائرس کی وباء کا جلد خاتمہ ہو اور حکومت احتیاطی تدابیر کو یقینی بنا کر تعلیمی اداے کھولنے پر غور کرے طلبہ کا تعلیمی نقصان معاشی نقصان سے کئی گنا زیادہ سنگین ہے۔ منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کورونا وائرس کی وبا کے دوران طلبہ و طالبات کے قیمتی وقت کے بہترین استعمال اور کامیابی کے ساتھ آن لائن تدریسی سرگرمیاں بلا تعطل جاری رکھنے پر منہاج یونیورسٹی لاہور، کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز، منہاج کالج برائے خواتین اور ای لرننگ ڈیپارٹمنٹ کو مبارکباد دی۔ پرنسپل ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی نے اپنے بیان میں کہا کہ احتیاطی تدابیر کو یقینی بنا کر تعلیمی ادارے کھو لے جائیں کیونکہ بعض علاقے ایسے ہیں جہاں انٹرنیٹ کی سہولت دستیاب نہیں جسکی وجہ سے ان علاقوں کے طلبہ و طالبات آن لائن تدریسی عمل کا حصہ نہیں بن سکے۔ حکومت ہر جگہ انٹرنیٹ کی سہولت مہیا کرنے کےلئے بھی اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز نے طلبہ کی سہولت کےلئے آن لائن ایڈمشن اوپن کر دیئے ہیں۔ انٹر پاس طلبہ آئی سی ایس، بی ایس اسلامک سٹڈیز، بی ایس عریبک سٹڈیز، بنکنگ اور اکنامکس کی تعلیم کے ساتھ علوم شریعہ بھی حاصل کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز پاکستان کا واحد تعلیمی ادارہ ہے جو جامعہ الازہر (مصر) سے بھی الحاق شدہ ہے اور اسکی ڈگری ایچ ای سی سے بھی منظور شدہ ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top