عقیدہ ختم نبوت ایمانیات کے باب میں اہم ترین ہے:خرم نواز گنڈاپور

مورخہ: 24 جون 2020ء

حضور نبی اکرم ﷺ کے نام کیساتھ خاتم النبیّن لکھنے کی قرارداد کی منظوری قابل ستائش ہے
خاتم النبیّن کے الفاظ کے بغیر پرنٹ ہونے والی کتابیں واپس لے کر دوبارہ پرنٹ کی جائیں

لاہور (24 جون 2020ء) تحریک منہاج القرآن کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی اور سندھ اسمبلی میں حضرت محمد ﷺ کے نام کے ساتھ خاتم النبیّن لکھنے کی قرارداد وں کی متفقہ منظوری خوش آئند ہے اور قراردادوں کے حق میں ووٹ دینے والے جملہ اراکین اسمبلی مبارکباد کے مستحق ہیں، انہوں نے گزشتہ روز منہاج القرآن علماء کونسل کے رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کوئی مسلمان حضور نبی اکرم ﷺ کے پیغمبر آخر الزماں ہونے کے حوالے سے کسی شک و شبہ کا شکار نہیں ہو سکتا، جو اس مسئلہ پر شک کا شکار ہو گا وہ دائرہ اسلام سے خارج ہے، انہوں نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت ایمانیات کے باب میں اہم ترین ہے، حضور نبی اکرم ﷺ پر آخری نبی ہونے کے حوالے سے ایمان لانا ایمان کا ایک بنیادی ناگزیر تقاضا ہے، کچھ عرصہ سے ختم نبوت کے مسئلہ پر بہت سارے ابہام پیدا کرنے کی ناپاک کوشش کی گئی،ایک مخصوص ذہنیت امت مسلمہ کے اس متفقہ عقیدہ کے ساتھ کھلواڑ کرنے کی ناپاک جسارت کررہی تھی، ہمیں خوشی ہے کہ وہ ایوان جو صرف ایک دوسرے کی عزتیں اچھالنے کے لئے ملک و ملت کا پیسہ برباد کررہے تھے پہلی بار ان ایوانوں میں سے ناموس رسالت کے تحفظ کی خوشبو آئی، انہوں نے کہا کہ قراردادیں تو بہت ساری پاس ہوتی رہتی ہیں اصل مسئلہ عملدرآمد کا ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ اس متفقہ قرارداد پربلاتاخیر عمل کیا جائے اور جو کتابیں خاتم النبیّن کے الفاظ کے بغیر پرنٹ ہو چکی ہیں انہیں واپس لے کر نئے سرے سے کتابیں پرنٹ کی جائیں، انہوں نے کہا کہ اس قرارداد سے نوجوانوں کو گمراہ کرنے اور مسلمہ عقائد کے بارے میں ابہام پیدا کرنے والی شر پسند قوتوں کو یقینا مایوسی ہوئی ہو گی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top