قربانی سے حقوق اللہ اور حقوق العباد کی تکمیل ہوتی ہے : ڈاکٹر حسین محی الدین قادری

ضرورت مندوں کی مدد کرنا دین اسلام کا بنیادی درس ہے: صدر منہاج القرآن
صاحب استطاعت پر فرض ہے کہ وہ ضرورت مندوں کی مدد کریں : نماز جمعہ کے بعد کارکنان سے گفتگو

لاہور (17 جولائی 2020) صدر تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا ہے کہ عید الاضحی پر قربانی سے بیک وقت حقوق اللہ اور حقوق العباد کی تکمیل ہوتی ہے، عید قربان کا اصل مقصد جذبہ ایثار و قربانی پیدا کرنا ہے، ضرورت مندوں کی مدد کرنا دین اسلام کا بنیادی درس ہے۔ اللہ تعالیٰ نے امیروں کو اپنے مال میں سے غریبوں کو دینے کا حکم دیا ہے، صاحب استطاعت پر فرض ہے کہ وہ ضرورت مندوں کی مدد کرے، قربانی کر کے انسان اطاعت خداوندی بجالاتا ہے اور اللہ کے محبوب انبیاء کرام کی سنت پر بھی عمل پیرا ہوتا ہے۔ قربانی کرنے کے بعد جب گوشت غریبوں یتیموں اور مسکینوں میں تقسیم کیا جاتا ہے تو اس میں صدقہ خیرات کا پہلو بھی کارفرما ہوتا ہے۔ گوشت رشتہ داروں، قرابت داروں میں تقسیم ہوتا ہے تو اس طرح رشتہ داروں کے حقوق کی پاسداری بھی ہوتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع منہاج القرآن ماڈل ٹاؤن میں نماز جمعہ کے بعد کارکنان اور نمازیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ عید الاضحی ہمیں یاد دلاتی ہے کہ قربانی محض جانوروں کی ذبح کرنے، ان کا گوشت تقسیم کرنے اور کھانے کھلانے کا نام نہیں بلکہ قربانی کا اصل مقصد ضرورت مندوں کی مدد کرنا ہے۔ ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ قربانی قرب خداوندی کا اہم ترین ذریعہ ہے، ہر خیر کے عمل کی طرح قربانی میں بھی اخلاص نیت کا جذبہ بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ قربانی کی روح اور فلسفہ یہ ہے کہ بندہ مومن اخلاص کے ساتھ قربانی کا عظیم فریضہ انجام دے۔ انہوں نے کہا کہ قربانی خالص روحانی تصور اور اعلیٰ ترین انسانی صفت ہے، ضرورت مندوں کی مدد کرنے ان کے ساتھ تعاون کرنے کا حکم دے کر دین اسلام نے اپنے رب کو راضی کرنے کا نسخہ بتایا ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top