تحریک منہاج القرآن کی سنٹرل کوآرڈی نیشن کونسل کا ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور کی زیر صدارت اجلاس

لاہور (22 جولائی 2020) تحریک منہاج القرآن کی سنٹرل کوآرڈی نیشن کونسل کا اجلاس خرم نواز گنڈاپور ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن کی زیر صدارت مرکزی سیکرٹریٹ لاہور میں منعقد ہوا۔ محترم خرم نواز گنڈا پور کے ہمراہ سٹیج پر محترم بریگیڈئیر (ر) اقبال احمد خان، محترم انجینئر رفیق نجم نائب ناظم اعلیٰ کوآرڈی نیشن موجود تھے۔ سنٹرل کوآرڈی نیشن کونسل کے اجلاس میں زیر بحث آنیوالے ایجنڈہ آئٹمز میں

( 1)۔ قربانی مہم 2020 ( 2) اسیران انقلاب کی رہائی پر بریفنگ (3) جامع مسجد منہاج القرآن، منہاج یونیورسٹی اور دیگر تعمیرات پر بریفنگ (4) تنظیمات کی طرف سے کووڈ 19 کے دوران ویلفیئر سرگرمیوں پر بریفنگ (5) تنظیمی سرگرمیوں کو دوبارہ بحال کرنا (6)زر رفاقت 30 فی صد برائے تنظیمات شامل تھے۔

اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ محترم خرم نواز گنڈاپور صاحب نے اجلاس میں آن لائن شرکت کرنیوالے سنٹرل کوآرڈی نیشن کونسل کے ممبران کوخوش آمدید کہا اور بتایا کہ اس اہم ترین اجلاس میں پاکستان بھر سے نمائندگی موجود ہے۔ انہوں نے آن لائن شرکت کرنیوالے معزز ممبران محترم سردار شاکر مزاری(جنوبی پنجاب)، محترم مرزا جنید علی(کراچی)، محترم عبد الحئی علوی، محترم احمد حسن فاروقی (ہزارہ) محترم قاضی زاہد حسین(کراچی) محترم ابرار رضا ایڈووکیٹ(اسلام آباد)، محترم بشارت عزیز جسپال(فیصل آباد) محترم میاں ریحان مقبول(فیصل آباد) محترم قاضی شفیق (شمالی پنجاب) محترم خالد درانی(پشاور) محترم جی ایم ملک کو خوش آمدید کہا۔

محترم سید امجد علی شاہ صاحب نے قربانی مہم 2020 پر سنٹرل کوآرڈی نیشن کونسل کے معزز ممبران کو بریف کرتے ہوئے کہاکہ اس سال پاکستان میں 50 سے زائد مقامات پر اجتماعی قربانی کے انتظامات کئے گئے ہیں۔ لاہور میں دو مرکزی ڈسٹری بیوشن کیمپ قائم کئے جا رہے ہیں۔ موبائل چلرز کے ذریعے گوشت ڈسٹری بیوشن کیمپس تک پہنچایا جائے گا۔ یہاں سے حصہ داروں و دیگر مستحقین میں گوشت تقسیم کیا جائیگا۔ عید سے قبل مستحقین کی فہرستوں کی مجاز کمیٹی حتمی منظوری دے گی اور منظور شدہ لسٹوں کے مطابق پیشگی ٹوکن جاری کئے جائینگے۔ انہوں نے کہاکہ ایک شفاف نظام کے تحت قربانی مہم کا اول تا آخر ریکارڈ مرتب کیا جاتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ 50 مراکز کے ذمہ داران اور دیگر مرکزی قائدین پر مشتمل ایک وٹس اپ گروپ بنایا جائے گا جس کے ذریعے مرکزی قائدین کو با خبر رکھا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ قربانی مہم کے جملہ با احسن انتظامات پر محترم چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کی ہمہ وقت ہدایات اور رہنمائی میسر رہی ہے۔ چیئرمین سپریم کونسل منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن اور پاکستان کے ساتھ مشترکہ میٹنگز بھی کرتے رہے ہیں دیگر مرکزی قائدین کی بھی گائیڈ لائن حاصل رہتی ہے۔ سید امجد علی شاہ نے بتایا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے آفیشل بینرڈیزائن کر رکھا ہے جس کے ڈیزائن کو ویب ساءٹ سے ڈاؤن لوڈ کر کے تنظیمات تشہیر کےلئے استعمال کر سکتی ہیں۔

محترم خرم نواز گنڈا پور صاحب نے اسیران کی رہائی پر بریفنگ دی اور کہاکہ ضمانت منظور ہونے کے بعد بھی کچھ ایسے مسائل تھے جنہیں حضور شیخ الاسلام کی دعاؤں اور بہترین تنظیمی نیٹ ورک سے حل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ 93اسیران کےلئے پہلا مرحلہ سوا چار کروڑ روپے مالیت کی پراپرٹی کے ضمانتی مچلکوں کا حصول تھا اور اس کےلئے 86گواہان درکار تھے پھر ریلیز آرڈر حاصل کر کے 4 مختلف جیلوں میں پہنچانے تھے۔ الحمدللہ یہ سارا کام تین دن کے اندر پایہ تکمیل کو پہنچایا گیا۔ اس حوالے سے نعیم الدین چوہدری ایڈووکیٹ اور پوری لیگل ٹیم نے شاندار کام کیا۔ انہوں نے اسیر محمد سلطان کی بہترین نگہداشت پر کراچی کی جملہ تنظیم کو مبارکباد دی۔ محترم خرم نواز گنڈاپور صاحب نے ہاؤس کو بتایا کہ اسیران کی رہائی کے دو دن بعد اسیران کی حضور شیخ الاسلام سے آن لائن ملاقات کا اہتمام بھی کیا گیا جس سے کارکنان کامورال بہت بلند ہوا۔ اس موقع پرانہوں نے اسیران کی کفالت اور طے شدہ پالیسی کے تحت شاندار خدمات انجام دینے پر طیب ضیاء، قاری ریاست چدھڑ کو مبارکباد دی اور اسیران کےلئے مالی وسائل مہیا کرنے کے حوالے سے انتہائی ذمہ دارانہ اور ہمدردانہ کردار ادا کرنے پر انجینئر محمد رفیق نجم اور علامہ رانا محمد ادریس کو بھی مبارکباد دی۔ سنٹرل کوآرڈی نیشن کونسل نے اسیران کو رہائی پر مبارکباد دی اور انکی بے مثال قربانی پر خراج تحسین پیش کیا۔

محترم خرم نواز گنڈاپور صاحب نے جامع مسجد منہاج القرآن کی تعمیر نو اور منہاج یونیورسٹی میں نئے انفراسٹرکچر کی تعمیر اور مرکزی سیکرٹریٹ میں نئے شعبہ جات کی تعمیر، تزئین و آرائش، لائبریریز کے قیام، انسٹی ٹیوشنز میں واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب و دیگر انفراسٹرکچر کی تعمیر اور منصوبہ جات کے بارے میں سنٹرل کوآرڈی نیشن کونسل کے معزز ممبران کو بریف کیا۔ ممبران نے ڈویلپمنٹ پروجیکٹس پر اطمینان کا اظہار کیا اور اسے تحریک کے شاندار مستقبل کےلئے حوصلہ افزا اقدام قرار دیا، محترم خرم نواز گنڈاپور صاحب نے بتایا کہ منصوبہ جات کے بارے میں تفصیلی رپورٹ شوریٰ کے اجلاس میں پیش کی جائیگی۔ انہوں نے اس موقع پر بتایا کہ 2018 میں زر رفاقت کا ریکارڈ قائم ہوا، 2019 میں 2018 کا ریکارڈ ٹوٹا انہوں نے کہا کہ یہ تنظیمات اور متعلقہ زونز کے نائب ناظمین اعلیٰ کی محنت اور تحریک سے کمٹمنٹ کا نتیجہ ہے۔ محترم خرم نواز گنڈاپور صاحب نے اسیران کی رہائی سے لے کر انکے گھروں تک پہنچنے تک مسلسل رابطہ رکھنے اور حائل مشکلات کو دور کرنے کے ضمن میں فوری ہدایات دینے پر چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کو خراج تحسین پیش کیا۔

کووڈ 19 کے دوران مستحقین کی مدد اور فلاحی سرگرمیوں کی انجام دہی پر خرم نواز گنڈاپور صاحب نے ہاؤس کو بریف کیا اور بتایا کہ ملک بھر میں تنظیمات نے اپنی مدد آپ کے تحت کروڑوں روپے کی اشیائے خورونوش مستحقین میں تقسیم کیں، اس ضمن میں شمالی پنجاب، جنوبی پنجاب، سنٹرل پنجاب، کراچی، سندھ، بلوچستان، آزاد کشمیر کی تنظیمات کے شاندار کردار پر انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا۔ خرم نواز گنڈا پور صاحب نے ہاؤس کو بتایا کہ فلاحی سرگرمیوں میں ویمن لیگ، منہاج یوتھ لیگ، ایم ایس ایم اور تعلیمی انسٹی ٹیوشنز نے اپنا مثالی کردار ادا کیا۔ اس ضمن میں محترم انجینئر رفیق نجم، علامہ رانا محمد ادریس نے بھی اظہار خیال کیا اور فلاحی سرگرمیوں کے بارے میں تنظیمات کے کردار پرروشنی ڈالی۔

اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ عید الضحیٰ کے بعد احتیاطی تدابیر ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے تنظیمی سرگرمیاں بحال اور مرکزی سیکرٹریٹ کھول دیا جائے۔ محترم انجینئر محمد رفیق نجم نے جنوبی پنجاب میں کامیاب، عظیم الشان حلف وفاداری تقریب کے انعقاد پر سردار شاکر مزاری صاحب کو مبارکباد دی اور کہا کہ اس تقریب میں محترم چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری سمیت مرکزی قائدین شریک ہوئے، اس تقریب کے بعدجنوبی پنجاب میں تنظیمی اعتبار سے تحرک آیا ہے۔ اس موقع پر سردار شاکر مزاری صاحب نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب میں 20 اضلاع میں تنظیمی نیٹ ورک مکمل کر لیا گیا ہے۔ 30اگست تک کوآرڈی نیشن کونسلز کام کرنا شروع کر دیں گی۔ انجینئر محمد رفیق نجم نے شمالی پنجاب میں تنظیم سازی اور مثالی رفاقت سازی پر علامہ رانا محمد ادریس کی خدمات اور کارکردگی پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

انجینئر محمد رفیق نجم نے کووڈ 19 کی وبا کے دوران امت کی بر وقت رہنمائی کرنے پر حضور شیخ الاسلام کو خراج تحسین پیش کیا، بالخصوص مسئلہ باغ فدک پر بروقت علمی، فکری رہنمائی مہیا کرنے اور40 روزہ دوروس بخاری شریف کے ذریعے علم کے دریا بہانے اور تشنگان علم کی پیاس بجھانے پرانہیں زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ علامہ رانا محمد ادریس نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ منہاج ٹی وی پر دوروس عرفان القرآن کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے ہر روز ایک نیا سکالر مختلف عنوانات پر اظہار خیال کر رہا ہے اور اسکے ساتھ ساتھ یو ٹیوب چینلز کا بھی تعلیمی و دعوتی سرگرمیوں کے حوالے سے بھر پور استعمال کیا جا رہا ہے۔

محترم عرفان یوسف نے کہاکہ جس ضلع میں ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن کونسلز جتنی فعال ہےں وہاں اتنا ہی زیادہ تنظیمی تحرک ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ کوآرڈی نیشن کونسلز کے قیام کے مقاصد اور دائرہ کار کے حوالے سے ایک الگ پیپر تیار کر کے تنظیمات میں تقسیم کیا جائے۔ انہوں نے ایم ایس ایم کی کارکردگی اہم تربیتی منصوبہ جات اور درپیش مسائل کے بارے میں اظہار خیال کیا۔ انہوں نے ہاؤس میں یہ بھی بتایا کہ ایم ایس ایم پاکستان کی واحد طلبہ تنظیم ہے جس نے اپنی مدد آپ کے تحت کووڈ 19 کے دوران فلاحی سرگرمیاں انجام دیں۔ خرم نواز گنڈاپور نے الحمرا کلچرل کمپلیکس میں عظیم الشان ورکرز کنونشن کے انعقاد پر ایم ایس ایم کو مبارکبا ددی۔
محترم عبد الحئی علوی صاحب نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ کو بھی کراچی کی طرز پر میلاد کانفرنس کی میزبانی کا شرف بخشا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ عید کے بعد تنظیمی سرگرمیوں کا آغاز کر رہے ہیں، انہوں نے ایک اہم فورم کے اجلاس میں آن لائن شرکت کا موقع مہیا کرنے پر اور مشاورت میں شریک کرنے پر ناظم اعلیٰ صاحب کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ اس نوع کی مشاورت سے انشا اللہ تنظیمی تحرک پیدا ہو گا۔

صاحبزادہ احمد حسن فاروقی نے ایبٹ آباد میں تنظیمی، تربیتی، فلاحی سرگرمیوں پر بریف کیا اور بطور خاص اس بات کا ذکر کیا کہ کورونا وائرس کی وبا کے دوران خواجہ سراؤں کے گھروں میں بھی راشن تقسیم کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ہزارہ میں دوروس قرآن کا سلسلہ کامیابی سے جاری و ساری ہے۔

اجلاس میں آن لائن شریک مرزا جنید علی نے کراچی تنظیم کی کارکردگی پر اظہار اطمینان کرنے پر محترم خرم نواز گنڈاپور صاحب کا شکریہ ادا کیا اور کراچی تنظیم کی کارکردگی بیان کی۔ انہوں نے آن لائن اجلاس کے ذریعے ملک بھر کے ممبران کو شریک کرنے پر بھی شکریہ ادا کیا۔

محترم مظہر محمود علوی صاحب نے بتایا کہ نوجوانوں کو درپیش سماجی، معاشی ایشوز کے حل کےلئے یوتھ ڈبیٹ پروگرام کا آغاز کر رہے ہیں۔ انہوں نے آئندہ کے تربیتی اہداف کے بارے میں بھی بریف کیا۔

محترم خرم نواز گنڈاپور صاحب نے متفرق امور کے دوران ایم ایس ایم سسٹرز کو حضور شیخ الاسلام کے ساتھ ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف کی کامیاب آن لائن میٹنگ کرانے پر مبارکباد دی۔ محترم خرم نواز گنڈاپور صاحب نے ہاؤس کو بتایا کہ 23 جولائی بروز (جمعرات) مجلس قائمہ کا اہم اجلاس ہو گا جسکی صدارت چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کرینگے۔ انہوں نے مزید کہاکہ 14 اگست، 15 اگست اور 16 اگست کو، شوریٰ اور قائمہ کے اجلاس ہونگے۔ ان تاریخوں پر معزز ممبران اپنی تنظیمی مصروفیات کو ری شیڈول کر لیں۔ اجلاس کا اختتام دعائے خیر پر ہوا۔ علامہ رانا محمد ادریس نے دعا کروائی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top