شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری ’’آداب عقیدہ اور سیدہ کائنات سلام اللہ علیہا‘‘ کے موضوع پر 29 جولائی کو خطاب کرینگے
اہل بیت اطہار علیہم السلام کی محبت ایمان کی روح ہے: شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری
لاہور (26 جولائی 2020) قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری ’’آداب عقیدہ اور سیدہ کائنات سلام اللہ علیہا‘‘ کے موضوع پر 29 جولائی بروز بدھ 7:30 بجے علماء مشائخ سے آن لائن خصوصی خطاب کرینگے۔ انہوں نے کہاکہ یہ خطاب عقیدۃ صحیحہ کے باب میں بیان و کلام کی حدود و قیود اور ہر نوع کی تشویش و تشکیک کے خاتمے کےلئے ہے اس کی سماعت سے اہل بیت اطہار علیہم السلام سے محبت رکھنے والوں کے دلوں کو راحت، فرحت، اعتدال اور توسع نصیب ہو گا اور اس سے حق کے متلاشیوں کو عقیدہ رکھنے اور اسے بیان کرنے کے آداب اورواضح راہنما اصول میسر آ ئیں گے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ اہل بیت اطہار علیہم السلام کی محبت ایمان کی روح ہے۔ قرآن و سنت کی عظیم تعلیمات سے دوری کی وجہ سے ابہام و تشکیک پیدا کرنے کی کوشش کی جاتی ہے، تا ہم اللہ اور اسکے رسول ﷺ کا کلام قیامت تک کےلئے ذریعہ رشد و ہدایت ہے۔ کوئی شک و شبہ کی جتنی بھی گرد اڑا لے لیکن حقیقی تعلیمات اور الوہی پیغامات کو دھندلا نہیں سکتا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری ویڈیو لنک پر خطاب کرینگے۔
تبصرہ