منہاج القرآن نظامت تربیت کے زیراہتمام آن لائن عالمی فن قرآت کورس 10 اگست کو شروع ہو گا

مورخہ: 08 اگست 2020ء

بین الاقوامی شہرت یافتہ قرآء حضرات لیکچر ز دینگے، کورس 20 روز تک جاری رہے گا
کورس کا مقصد قرآن اور صاحب قرآن سے تعلق مضبوط بنانا ہے : ڈائریکٹر کورسز سعید رضا بغدادی

لاہور (8 اگست 2020) منہاج القرآن انٹرنیشنل نظامت تربیت شعبہ کورسز کے زیر اہتمام آن لائن عالمی فن قرآت کورس 10 اگست کو شروع ہو گا اور 30 اگست تک جاری رہے گا۔ کورس میں شرکت کے خواہشمند امیدواروں کےلئے رجسٹریشن جاری ہے۔ فن قرآت کورس کے آغاز کی افتتاحی تقریب 10 اگست کو منعقد ہو گی۔ ڈائریکٹر کورسز حافظ سعید رضا بغدادی نے کہا کہ بین الاقوامی شہرت یافتہ قرآء حضرات فن قرآت کے حوالے سے کورس میں رجسٹریشن کروانے والوں کو آن لائن لیکچرز دینگے۔ بین الاقوامی شہرت یافتہ قرآء حضرات میں ایران سے استاذ قاری القرآء حاج مہدی حسنی، قاری کرامت علی نعیمی، قاری صداقت علی، جامع الازہر مصر سے فضیلۃ الشیخ محمود سمیر، قاری نور احمد چشتی، قاری اللہ بخش نقشبندی، قاری سید خالد حمید کاظمی الازہری، قاری محمد عثمان قادری شامل ہیں۔ رجسٹریشن کےلئے حسن محمود جماعتی، محمود مسعود قادری، محمد سرفراز قادری پر مشتمل سہ رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ 20 روزہ فن قرآت کورس ڈائریکٹر کورسز حافظ سعید رضا بغدادی میزبانی کے فرائض انجام دینگے۔

حافظ سعید رضا بغدادی نے کہا کہ فن قرآت کورس کا مقصد افراد امت کے قلوب و اذہان میں قرآن مجید کو سیکھنے اور خوبصورت انداز میں تلاوت کا شوق پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ قرآن اور صاحب قرآن سے تعلق مضبوط تر کرنا ہے۔ اس عظیم مقصد کے حصول کےلئے فن قرآت کے ماہر اساتذہ کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 20 روزہ آن لائن فن قرآت کورس میں حصہ لینے والے ان شاء اللہ تعالیٰ کورس کی تکمیل پر فن قرآت کے حوالے سے اپنے اندر نمایاں تبدیلیاں محسوس کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ فن قرآت کورس کے حوالے سے چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری سرپرستی کر رہے ہیں۔

ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور نے فن قرآت کورس کے انعقاد پر نظامت تربیت کو مبارکباد دی ہے۔ نائب ناظمین اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل انجینئر محمد رفیق نجم، علامہ رانا محمد ادریس، سردار شاکر مزاری، پروفیسر محمد سلیم اور نور اللہ صدیقی نے فن قرآت کورس کے اہتمام پر نظامت تربیت کی کاوش کو سراہا ہے اور اسکی کامیابی کےلئے دعا کی ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top