اللہ کی راہ میں آنے والی موت حیات ابدی ہے: ڈاکٹر حسین محی الدین قادری
شجر اسلام کی نمو اور افزائش قربانی کے بیج سے ہوئی، صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل
اہل حق نے ہر دور میں اللہ کی رضا کیلئے جان، مال کی قربانیاں دیں
امام عالیٰ مقام کی فقید المثال قربانی قیامت تک کیلئے نشان حق ہے
لاہور (24 اگست 2020ء) صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا ہے کہ اللہ کی راہ میں آنے والی موت حیات ابدی ہے، شہادت کی نعمت اور اعزاز اللہ اپنے چنیدہ بندوں کو عطاء کرتا ہے۔ شجر اسلام کی نمو اور افزائش قربانی کے بیج سے ہوئی، اہل حق نے ہر دور میں جان، مال کی قربانیاں دیں مگر امام عالی مقام کی فقید المثال قربانی قیامت تک کے لئے نشان حق بن گئی۔
انہوں نے اپنے بیان میں فلسفہ شہادت امام حسین علیہ السلام کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کے قرب اور اس کی توحید کے پرچار کے عظیم مقاصد کیلئے انبیائے کرام علیہم السلام، صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے جان، مال، وقت کی لازوال قربانیاں دیں مگر جو آفاقیت اور ہمہ گیریت شہدائے کربلا اور نواسہ رسول ﷺ کے حصے میں آئی وہ کسی اور کا نصیب نہ بن سکی۔ ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ امام عالیٰ مقام سیدنا امام حسین علیہ السلام کی شہادت کے فلسفہ کو اگر مختصر الفاظ میں بیان کیا جائے تو وہ یوں ہے کہ جب حق گوئی کا مرحلہ ہو تو پھر سر کٹتا ہے تو کٹ جائے مگر جھکے نہیں، انہوں نے کہا کہ شہدائے کربلا نے ظلم کے یزیدی نظام کے خلاف بولنا سکھایا۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ رب العزت حضور نبی اکرم ﷺ کے نعلین پاک کے تصدق اور شہدائے کربلا کے پاکیزہ و مطہر خون کے صدقے ہمیں ایمان میں استقامت اور ظالموں کے مقابلے میں مظلوموں کا ساتھ دینے کی توفیق عطاء فرمائے۔
تبصرہ