والدین بچوں کو کورونا وائرس سے بچائیں: منہاج القرآن ویمن لیگ

مورخہ: 25 اگست 2020ء

وباء کے بارے میں یونیسف کی رپورٹ ہوشربا ہے، ایمن یوسف ڈائریکٹر ایگرز
ڈاکٹر طاہرالقادری نے موذی وباء سے بچاؤ کے لئے امت کی رہنمائی کی

لاہور (25 اگست 2020ء) منہاج القرآن ویمن لیگ کے ڈیپارٹمنٹ ایگرز کی ڈائریکٹر ایمن یوسف نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے ادارے یونیسف نے اپنی رپورٹ میں خبردار کیا ہے کہ کورونا وائرس ایک وائرل انفیکشن ہے جو بڑی تعداد میں بچوں کو متاثر کر سکتا ہے، سب سے زیادہ ممکنہ متاثرہ ممالک کی فہرست میں پاکستان اور افغانستان شامل ہیں، ایمن یوسف نے کہا کہ یونیسف نے 136 ممالک سے حاصل ہونے والے اعداد و شمار کی روشنی میں یہ رپورٹ جاری کی ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت، صحت کے ادارے والدین، اساتذہ اور سول سوسائٹی مل کر بچوں کو کورونا وائرس کی وباء کے ممکنہ اثرات سے بچانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں اور اس ضمن میں ملکی و بین الاقوامی طبی اداروں کی طرف سے جاری ہونے والے ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائیں، انہوں نے کہا کہ حکومت نے ستمبر میں تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کر رکھا ہے، اس صورت حال میں حفاظتی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد کرنا ہو گا۔

ایمن یوسف نے مزید کہا کہ تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلا م ڈاکٹر محمد طاہرالقادری واحد رہنما ہیں جنہوں نے لاک ڈاؤن کے دوران موذی وباء سے بچاؤ کیلئے پاکستان کے عوام، ملت اسلامیہ اور پوری انسانیت کو قرآن و سنت کی روشنی میں رہنمائی مہیا کی اور حضور نبی اکرم ﷺ نے 14 سو سال قبل وباؤں سے بچنے کیلئے جو احتیاطی تدابیر تجویز فرمائی تھیں وہی تدابیر آج جدید طبی سائنس بیان کر رہی ہے، انہوں نے کہا کہ یہ اس بات کی گواہی ہے کہ اسلام قیامت تک کیلئے انسانیت کی رہنمائی اور ضروریات کو پورا کرنے والا دین اور ضابطہ حیات ہے۔ ایمن یوسف نے کہا کہ ایگرز منہاج القرآن ویمن لیگ کا ایک منفرد پروجیکٹ ہے جو بچوں کے تعلیمی، روحانی اور نفسیاتی مسائل حل کرنے کیلئے ایکٹویٹیز کے ذریعے انہیں تربیت فراہم کرتا ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top