منہاج القرآن علماء کونسل کے زیراہتمام ’’شہادت سیدنا امام حسین علیہ السلام و اتحاد امت کانفرنس‘‘

مورخہ: 31 اگست 2020ء

جو قرآن و حدیث پر کھڑ ا ہے فرقہ واریت اسکے قریب سے بھی نہیں گزر سکتی
تمام مکاتب فکر حضور ﷺ کی نظر شفقت چاہتے ہیں، انہیں فرقہ واریت کہنا عقلی مغالطہ ہے: علامہ ضیاء اللہ شاہ بخاری
اہل بیت اطہار علیہم السلام نے نفرتوں کو دفن کرنے اور محبتوں کو عام کرنے کا پیغام دیا ہے: علامہ کاظم رضا نقوی
ڈاکٹر طاہرالقادری اتحاد امت کے داعی مسلمانوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کیلئے کوشاں ہیں: پیر زادہ برہان الدین احمد عثمانی
شہادت سیدنا امام عالی مقام مختلف مکاتب فکر کے درمیان درد مشترک اور قدر مشترک ہے، مقررین کا خطاب
خرم نواز گنڈاپور، علامہ امداداللہ خان قادری، علامہ میر آصف اکبر، مفتی خلیل احمد قادری کا کانفرنس سے خطاب

لاہور (31 اگست 2020) منہاج القرآن علماء کونسل کے زیراہتمام مرکزی سیکرٹریٹ میں ’’شہادت سیدنا امام حسین علیہ السلام و اتحاد امت کانفرنس‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے مختلف مکتب فکر کے جید علمائے کرام نے کہاکہ شہادت سیدنا امام عالی مقام مختلف مکاتب فکر کے درمیان درد مشترک اور قدر مشترک ہے، اسکی بنیاد پر آج ہم سب ایک جگہ کھڑے ہیں اور یہ اتحاد امت کا بے مثال نظارہ ہے۔ علماء نے کہا کہ دین کی مشترکہ تعلیمات کو عام کر کے اخوت، رواداری کو فروغ دینے اور تفرقات کو ختم کرنے کی ضرورت ہے۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر متحدہ جمیعت اہل حدیث پاکستان علامہ ضیاء اللہ شاہ بخاری نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن دلوں کو جوڑنے کا پلیٹ فارم ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی ذات امن، محبت اور اتحاد کا مرکز ہے۔ منہاج القرآن فرقہ وارانہ مسلکی تعصب سے بالاتر ہے، منہاج القرآن میں فرقوں کی بجائے دین کی بات ہوتی ہے، جو قرآن و حدیث پر کھڑا ہے فرقہ واریت اس کے قریب سے بھی نہیں گزر سکتی۔ تمام مکاتب فکر حضور ﷺ کی نظر شفقت چاہتے ہیں، انہیں فرقہ واریت کہنا عقلی مغالطہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مسلمانوں کے دین کے بنیادی ارکان مشترک ہیں، کوئی چھ نمازیں نہیں پڑھتا، کوئی 32 روزے نہیں رکھتا، کسی کا حج مکہ کے علاوہ کہیں اور نہیں ہوتا اس لئے یہ فرقے نہیں مختلف مکاتب فکر ہیں، جو ایمان کی بنیادوں کے خلاف بات کرے گا فرقہ وہ ہو گا۔

پرنسپل جامعہ القرآن و اہل بیت علامہ حافظ کاظم رضا نقوی نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اہل بیت اطہار علیہم السلام نے نفرتوں کو دفن کرنے اور محبتوں کو عام کرنے کا پیغام دیا ہے اور یہی تعلیمات اور جذبہ امت کے اتحاد کا مرکز و محور ہے۔ حضور اکرم ﷺ کا فرمان ہے کہ جب تک تم قرآن اور میری اہل بیت سے جڑے رہو گے گمراہ نہیں ہوگے۔ اہل تشیع اہل بیت سے بھی پیار کرتے ہیں اور صحابہ کرام سے بھی محبت کرتے ہیں۔

سیکرٹری جنرل علماء و مشائخ رابطہ کونسل جماعت اسلامی پاکستان پیر زادہ برہان الدین احمد عثمانی نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اہل علم میں سے ہیں، انکی ہر بات قرآن و حدیث کے تناظر میں ہوتی ہے۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے امت مسلمہ کو کثیر کتابوں کی شکل میں علمی ذخیرہ عطا کیا، وہ اتحاد امت کے داعی ہیں اور تمام مسلمانوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کی جدوجہد کر رہے ہیں۔ ہم ان کے علم اور تحریک کی قدر کرتے ہیں۔

ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور نے استقبالیہ گفتگو میں کہا کہ ’’شہادت سیدنا امام حسین علیہ السلام و اتحاد امت کانفرنس‘‘ میں شریک ہونے والے تمام علماء کرام کو مرکزی سیکرٹریٹ میں خوش آمدید کہتے ہیں۔ علمائے کرام نے منہاج القرآن سیکرٹریٹ میں تشریف لاکر ہماری حوصلہ افزائی اور اتحاد امت کا عملی مظاہرہ کیا ہے، یقیناً اس اتحاد کی خوشبو کونے کونے تک پھیلے گی۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر منہاج القرآن علماء کونسل علامہ مفتی امداد اللہ قادری نے کہا کہ آج اتحاد بین المسلمین کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام و مشائخ عظام کا ’’شہادت سیدنا امام حسین علیہ السلام و اتحاد امت کانفرنس‘‘ میں تشریف لانا اتحاد بین المسالک کا عظیم الشان عملی مظاہرہ ہے۔

ناظم منہاج القرآن علماء کونسل علامہ میر آصف اکبر نے کہا کہ تمام مکاتب فکر ایک دوسرے کے مقدسات و مسلمات کی تعظیم و توقیر کو یقینی بنائیں، اتحاد امت کانفرنس سے اتحاد بین المسلمین اور اتحاد بین المسالک کے دینی رشتے زیادہ مضبوط ہوں گے۔ منہاج القرآن علماء کونسل اتحاد بین المسلمین کے فروغ کیلئے اور دین اسلام کی خدمت کیلئے ہمیشہ پیش پیش رہی ہے۔ تحریک منہاج القرآن نے یوم عاشور کے موقع پر تمام مسالک کے جید علما پر مشتمل یہ گلدستہ سجایا ہے جو ہر قسم کی انتہاء پسندی اور تفرقہ بازی کے خلاف ایک خوبصورت اور قابل تقلید پیغام ہے۔

کانفرنس سے مفتی خلیل احمد قادری، علامہ منہاج الدین، کامران صدیق نوری، محسن شہزاد نے بھی خطاب کیا۔ کانفرنس میں ملک کے معروف قراء، نعت خوان اور قصیدہ گو شعراء نے بارگاہ سید الشہداء میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ کانفرنس کے اختتام پر ملکی سلامتی، خوشحالی، وباؤں کے خاتمے، باہمی ہم آہنگی اور عالم اسلام کے اتحاد کیلئے دعا کی گئی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top