منہاج القرآن نظامت تربیت و کورسز کے زیراہتمام منعقدہ عالمی فن قراءت کورس کی اختتامی تقریب
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی عالمی فن قرأت کورس کی اختتامی تقریب کے موقع پر نظامت تربیت تحریک منہاج القرآن اور فن قرأت کورس کے جملہ منتظمین کو خصوصی مبارکباد
لاہور (2 ستمبر 2020ء) منہاج القرآن نظامت تربیت و کورسز کے زیراہتمام 20 روزہ عالمی آن لائن فن قرأت کورس کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ اللہ جس پر راضی ہوتا ہے اس پر فہم قرآن کے دروازے کھول دیتا ہے، آج کے نفسا نفسی کے دور میں جو لوگ علوم قرآن کی تفہیم کے لئے کوشش کرتے ہیں وہ خوش قسمت ہیں، انہوں نے 20 روزہ عالمی فن قرأت کورس میں حصہ لینے والے ہزار ہا افراد کو کورس کی تکمیل پر مبارکباد دی، انہوں نے کہا کہ قرآن مجید قیامت تک کے لئے ذریعہ ہدایت و رہنمائی ہے، قرآن مجید عربی زبان میں نازل ہوا، عربی دنیا کی قدیم ترین اور زندہ و جاوید زبان ہے، قرآن کی حفاظت کی ذمہ داری اللہ نے خود لی ہے، دنیا کی کوئی طاقت قرآن مجید کی زیر زبر بھی نہیں بدل سکتی۔
انہوں نے کہا کہ قرآنی احکامات کو ہر ذی نفس کے دل و دماغ میں نقش کرنا شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا مشن ہے، انہوں نے قرآن مجید کی مؤثر تفہیم کے لئے عرفان القرآن اور 5 ہزار موضوعات اور 8 جلدوں پر مشتمل قرآنی انسائیکلوپیڈیا تالیف کیا جس کے باعث آج دنیا بھر میں لاکھوں، کروڑوں خواتین و حضرات گھر بیٹھے قرآن مجید کو ترجمے کے ساتھ پڑھ اور سمجھ رہے ہیں، منہاج القرآن رجوع الی القرآن کی تحریک ہے، انہوں نے فن قرأت کے حوالے سے 20 روز تک انتہائی پرمغز لیکچرز دینے اور قرآن مجید کو اس کی صحت کے مطابق ادائیگی کے قابل بنانے کے لئے منہاج القرآن کے سکالرز اور بین الاقوامی شہرت یافتہ قرأ حضرات کو مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے کہا کہ نظامت تربیت و کورسز رجوع الی القرآن کے حوالے سے قابلِ فخر اور قابل تقلید دینی و ملی کردار ادا کررہی ہے، انہوں نے فن قرأت کورس کے روح رواں حافظ سعید رضا بغدادی، نائب ناظم اعلیٰ نظامت تربیت پروفیسر محمد سلیم چودھری، محمود مسعود اور جملہ منتظمین کو کامیاب کورس کے انعقاد پر مبارکباد دی۔
فن قرأت کورس کی اختتامی تقریب میں ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور، علامہ حافظ عبدالستار نیازی، انجینئر محمد رفیق نجم، قاری خالد حمید کاظمی، علامہ غلام مرتضیٰ علوی، نوراللہ صدیقی، راجہ زاہد محمود چودھری عرفان یوسف، سدرہ کرامت و دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ ڈائریکٹر کورسز حافظ سعید رضا بغدادی نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا اور مہمانان گرامی کو خوش آمدید کہا، کورس کی کامیابی کے لئے کردار ادا کرنے والے شعبہ جات اور ڈائریکٹرز کو خصوصی شیلڈز سے نوازا گیا، فن قرأت کورس کے شرکاء کے مابین قرأت کے مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے ایک مرد اور خاتون کو عمرہ کا ٹکٹ دیا گیا۔
تبصرہ