پاکستان کوریسرچ سکالرز، آئی ٹی ایکسپرٹس، سائنسدانوں کی ضرورت ہے: ڈاکٹر طاہرالقادری

موجودہ نظام تعلیم بے روزگار پیدا کر رہا ہے، تعلیمی نظام میں جامع اصلاحات کی ضرورت ہے
قائد منہاج القرآن کا کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے پروفیسرز اور ریسرچ سکالرز کی نشست سے خطاب

لاہور (3 ستمبر 2020) قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ پاکستان کو محققین، ریسرچ سکالرز، آئی ٹی ایکسپرٹس، سائنسدانوں کی ضرورت ہے۔ موجودہ نظام تعلیم بےروزگار پیدا کر رہا ہے۔ تعلیمی اداروں اور مدارس میں جامع نصابی اصلاحات کی ضرورت ہے، پاکستان کو خوشحال اور باوقار ملک بنانے کیلئے نظام تعلیم کو ٹھیک اور عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہو گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے پروفیسرز، فرید ملت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے سینئر ریسرچ سکالرز اور منہاج علماء کونسل کے عہدیداروں سے ’’علوم القرآن و فن حدیث‘‘ کے موضوع پر خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ درس و تدریس ایک ایسا پیشہ ہے جسے صرف اسلام ہی نہیں بلکہ دنیا کے ہر مذہب اور معاشرے میں مقام حاصل ہے۔ اسلام استاد کے بلند مقام و مرتبے سے آگاہ کرتا ہے۔ فی زمانہ درس و تدریس کے تقاضے بدل گئے اب اساتذہ کو ایک محقق اور ریسرچ سکالر کے مقام پر آکر طلباء و طالبات کو تعلیم دینی ہو گی۔ طلباء کے ساتھ ساتھ اساتذہ کو بھی گہرے مطالعہ کی عادت ڈالنا ہو گی۔ اسلام نے استاد کو عزت و احترام عطا کیا۔ اللہ کریم نے قرآن حکیم میں نبی اکرم ﷺ کی شان بحیثیت معلم بیان کی ہے۔ حضور اکرم ﷺ کا فرمان ہے کہ مجھے دنیا میں معلم بنا کر بھیجا گیا۔ محسن انسانیت حضور اکرم ﷺ کے اس فرمان نے اساتذہ کو رہتی دنیا تک عزت و توقیر کے اعلیٰ منصب پر فائز کر دیا ہے۔

اس موقع پر مفتی عبد القیوم خان ہزاروی، ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی، رانا محمد فاروق، انجینئر محمد رفیق نجم، رانا محمد فاروق، علامہ رانا محمد ادریس، عین الحق بغدادی و دیگر موجود تھے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ معلم کا فرض سب فرائض سے زیادہ مشکل اور اہم ہے۔ اخلاقی، تمدنی اور مذہبی نیکیوں کی چابی استاد کے ہاتھ میں ہوتی ہے۔ ہر قسم کی ترقی کا سرچشمہ استاد کی محنت ہے۔ آج دنیا کو امن اور رواداری کی ضرورت ہے جس کے لئے علماء کا کردار سب سے زیادہ اہم ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top