منہاج القرآن اور پنجاب ٹورازم کارپوریشن کے درمیان ایم او یو پر دستخط
ٹی ڈی سی پی منہاج القرآن کے تعلیمی اداروں کے طلباء کو سیاحتی خدمات دے گی
منہاج یونیورسٹی، کالج آف شریعہ، منہاج ویمن کالج کے طلباء و طالبات مستفید ہوں گے
سیاحت کا امن سے گہرا تعلق ہے، امن کیلئے منہاج القرآن کی خدمات قابل قدر ہیں
ٹی ڈی سی پی کی طرف سے منیجر (ایس ایل بی ایس) اشفاق ڈوگر نے ایم او یو پر دستخط کئے
تقریب میں خرم نواز گنڈاپور، انجینئر محمد رفیق نجم، جی ایم ملک، نوراللہ صدیقی، جواد حامد کی شرکت
لاہور (3 ستمبر 2020ء) تحریک منہاج القرآن اور ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن پنجاب کے درمیان ایم او یو پر دستخط کئے گئے، ایم او یو سائن کرنے کے حوالے سے خصوصی تقریب منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوئی۔ اس ایم او یو سے منہاج یونیورسٹی لاہور، کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز، منہاج ویمن کالج اور منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کی نگرانی میں کام کرنے والے سینکڑوں سکولز کے طلباء و طالبات مستفید ہوں گے، ٹی ڈی سی پی کی طرف سے منیجر (ایس ایل بی ایس) اشفاق ڈوگر اور تحریک منہاج القرآن کی طرف سے ناظم اعلیٰ خر م نواز گنڈاپور نے ایم او یو پر دستخط کئے، تقریب میں نائب ناظم اعلیٰ کوآرڈینیشن انجینئر محمد رفیق نجم، جی ایم ملک، سید الطاف حسین شاہ، نوراللہ صدیقی، جواد حامد، مظہر محمودعلوی، چودھری عرفان یوسف، سدرہ کرامت، عائشہ مبشر کے علاوہ کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز، منہاج ویمن کالج، منہاج ایجوکیشن سوسائٹی اور منہاج یونیورسٹی کے نمائندوں اور تحریک منہاج القرآن کے مختلف شعبہ جات کے ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ سیاحت کا امن سے گہرا تعلق ہے، جہاں امن ہو گا وہاں دنیا بھر سے ٹورسٹ آئیں گے، الحمدللہ منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے فروغ امن کیلئے قابل فخر خدمات انجام دی ہیں، آج پاکستان میں جو امن نظر آتا ہے اس کے پیچھے منہاج القرآن کی خدمات ہیں، انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ آمد پر TDCPکے منیجر (ایس ایل بی ایس) اشفاق ڈوگر اور ان کے وفد کو خوش آمدید کہا۔
اس موقع پر منیجر (ایس ایل بی ایس) اشفاق ڈوگر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کی طرف سے فروغ امن کیلئے انجام دیئے جانے والے کردار کی پوری دنیا معترف ہے، ہمیں خوشی ہے کہ پاکستان کے سافٹ امیج کو اجاگر کرنے کیلئے TDCP منہاج القرآن کے شانہ بشانہ ہو گی، انہوں نے کہا کہ لاہور کی تاریخی اور سیاحتی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لئے TDCP نے ڈبل ڈیکر بس سروس شروع کی ہے جو طلباء و طالبات اور فیملیز کی دلچسپی کا مرکز ہے، انہوں نے کہا کہ ہم تحریک منہاج القرآن سے تعلق رکھنے والے تعلیمی اداروں کے طلباء و طالبات اور بین الاقوامی وفود کو بھی یہ سہولت مہیا کریں گے۔
تبصرہ