شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا منہاج القرآن انٹرنیشنل کی مجلس عاملہ کے اجلاس سے اہم خطاب

تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے 5 ستمبر کو منعقدہ مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی مجلس عاملہ اور مرکزی مجلس شوریٰ کو مشاورت کے بامقصد اور مجاز اداروں کا کردار دینا چاہتا ہوں۔ لہٰذا ان دستوری فورمز کی ہیئت میں تبدیلی لائی جا رہی ہے، میں اپنی زندگی میں اپنے تمام اختیارات کسی فرد واحد کی بجائے تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کو منتقل کر رہا ہوں۔ سپریم کونسل میں پاکستان کے اندر اور باہر سے نمائندے شامل ہیں، سپریم کونسل اپنے فیصلوں کے حوالے سے مجھ سے توثیق کرواتی رہے گی۔ ایک بار جب دستور میں درج طریقہ کار کے مطابق سپریم کونسل کوئی فیصلہ کر لے گی تو وہ حتمی اور قطعی ہو گا، سپریم کونسل کے فیصلوں پر تنقید شرپسندی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن علمی و فکری، اخلاقی و روحانی، تعلیمی و شعوری اور سماجی و معاشرتی اصلاح کے لیے کوشاں ہے۔ گزشتہ دہائی میں تحریک نے اس حوالے سے غیر معمولی خدمات سرانجام دی ہیں۔ تحریک کا دستور 80 کی دہائی میں پاکستان کے معروضی حالات کے مطابق مرتب کیا گیا تھا، اب تنظیمی نیٹ ورک پھیل چکا ہے، تحریک کی وسعت اور جدید تقاضوں کے مطابق دستور میں ترمیم زمینی حقائق کا تقاضا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مورخہ 6 ستمبر کو مرکزی مجلس شوریٰ کے اجلاس میں تحریک کے دستور میں مجوزہ ترامیم کے بارے میں ممبران شوریٰ کے ساتھ تفصیل سے گفتگو ہو گی۔ چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ اجلاس میں شریک تھے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top