کالج آف شریعہ کے طلباء کی جامعۃ الازہر (مصر) میں نمایاں کامیابی

طلباء نے ملک، کالج آف شریعہ، اساتذہ اور والدین کا نام روشن کیا ہے: ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی
پوزیشن ہولڈر طلباء ملک کی شان اور مستقبل ہیں: پرنسپل کالج آف شریعہ
کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے طلباء کا اسکالرشپ پر علم حاصل کرنا بڑا اعزاز ہے
منہاج الاسلام 90، حافظ عرفان علی 84، توقیر ضیاء 82 اور حافظ فیض 79 فیصد نمبر حاصل کئے

لاہور (7 ستمبر 2020) کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے پرنسپل ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی نے کہا ہے کہ دنیائے اسلام کی قدیم ترین ہزار سالہ پرانی علمی درس گاہ جامعۃ الازھر مصر میں سو سے زائد ممالک کے طلباء زیر تعلیم ہیں۔ کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے طلباء نے جامعۃ الازہر میں اعلیٰ کارکردگی کی بنا پر وطن عزیز اور کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کا نام روشن کیا ہے۔ پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء کو مبارکباد دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پوزیشن ہولڈر طلباء پاکستان کی شان اور قیمتی اثاثہ ہیں ملک کا مستقبل ایسے ہی ذہین طلباء سے جڑا ہوا ہے۔ طلبا نے کالج آف شریعہ، اساتذہ اور والدین کا نام روشن کیا ہے۔ جامعۃ الازہر کے اس سال کے نتائج میں کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے طلباء نے جس اعلی تعلیمی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے جسے جامعۃ الازہر کے اساتذہ نے بھی بے حد سراہا ہے، انہوں نے کہا کہ کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے طلباء اسکالرشپ جامعۃ الازہر میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں جو کہ ایک بہت بڑا اعزاز اور فروغ علم کیلئے ایک قابل تقلید عمل ہے۔ جامعۃ الازہر عصری اور شرعی علوم کی ایک ممتاز بین الاقوامی درس گاہ ہے جس میں مسلم ممالک سے تعلق رکھنے والے ہزاروں طلباء علم حاصل کرتے ہیں اور یہاں کے فارغ التحصیل طلبہ عملی زندگی میں علم و تحقیق میں مؤثر کردار ادا کرتے ہیں، اس علمی درس گاہ میں کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے طلباء کا اسکالرشپ پر علم حاصل کرنا ایک بڑا اعزاز ہے، یہ طلباء اپنی محنت، لگن اور علم سے محبت کی وجہ سے پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں۔ جامعۃ الازہر میں نمایاں تعلیمی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ میں محمد منہاج الاسلام نے 90 فیصد نمبرز کے ساتھ نمایاں پوزیشن حاصل کی۔ اس کے ساتھ ساتھ حافظ عرفان علی نے 84 فیصد، توقیر احمد ضیاء نے 82 فیصد اور حافظ فیض احمد نے 79 فیصد کے ساتھ نمایاں کامیابی حاصل کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top