تحریک منہاج القرآن لاہور کے زیراہتمام حضرت امام حسین علیہ السلام کانفرنس

شہدائے کربلا کے صبر و استقامت کی مثال رہتی دنیا تک دی جاتی رہے گی
کانفرنس میں علمائے کرام نے امام عالی مقام علیہ السلام کی قربانیوں اور فلسفہ شہادت پر روشنی ڈالی
تحریک منہاج القرآن بین المسالک ہم آہنگی کو فروغ دے رہی ہے: علامہ احسن اویس
اشتیاق حنیف مغل، صوفی محمد قائم صابر، حافظ عبدالرحمان و دیگر کی شرکت

لاہور (8 ستمبر 2020) تحریک منہاج القرآن لاہور پی پی 153 کے زیراہتمام نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام کانفرنس منعقد کی گئی۔ کانفرنس میں علمائے کرام نے امام عالی مقام علیہ السلام کی قربانیوں اور فلسفہ شہادت پر روشنی ڈالی۔ ملک کے نامور ثناء خوانان مصطفی ﷺ نے بارگاہ رسالت مآب ﷺ میں گلہائے عقیدت اور بارگاہ امامت میں ہدیہ عقیدت پیش کر کے سماں باندھ دیا۔ کانفرنس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ ناظم تحریک منہاج القرآن لاہور اشتیاق حنیف مغل، صاحبزادہ صوفی محمد قائم صابر، حافظ عبد الرحمان، صلاح الدین سلطانی، ظفر اقبال قادری، حفیظ الرحمن خان، حاجی عبد الخالق، حمزہ رفیق رندھاوا و دیگر رہنماؤں نے کانفرنس میں خصوصی شرکت کی۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ احسن اویس مصطفوی نے کہا کہ سیدنا امام حسین علیہ السلام نے انسانیت کو ظلم کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کا درس دیا۔ اہل بیت اطہار اور صحابہ کرام رضی اللہ عنہم ایمان و اتحاد کے روشن چراغ ہیں اور ان سے محبت ایمان کا تقاضا ہے۔ شہدائے کربلا کے صبر و استقامت کی مثال رہتی دنیا تک دی جاتی رہے گی۔ سیدنا امام حسین علیہ السلام کی قربانی تاریخ اسلام کا وہ باب ہے جو لازوال و بے مثال ہے۔ تحریک منہاج القرآن اختلافات کے اس دور میں امن، محبت، بین المسالک اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دے رہی ہے۔ شہادت امام حسین علیہ السلام سے ہمیں امن کا درس ملتا ہے۔ کربلا سے حق و صداقت اور دین پر مر مٹنے کا درس ملتا ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top