سیدنا امام حسین علیہ السلام نے کربلا میں حق و صداقت کی تاریخ رقم کی: رفیق نجم

شہدائے کربلا کے صبر و استقامت کی مثال رہتی دنیا تک دی جاتی رہے گی
اہلبیت اطہار اور صحابہ کرام ایمان و اتحاد کے روشن چراغ ہیں: نائب ناظم اعلیٰ منہاج القرآن
تحریک منہاج القرآن لاہور کے زیراہتمام حضرت امام حسین علیہ السلام کانفرنس سے خطاب
کانفرنس میں علمائے کرام نے امام عالی مقام علیہ السلام کی قربانیوں اور فلسفہ شہادت پر روشنی ڈالی
حافظ غلام فرید، اشتیاق حنیف مغل، سید محمود الحسن، بابر علی چوہدری، حاجی امجد علی قادری کی شرکت

لاہور (9 ستمبر 2020) نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن انجینئر محمد رفیق نجم نے کہا ہے کہ سیدنا امام حسین علیہ السلام امن، محبت اور روشنی کا وہ مینار ہیں جہاں سے امت کو قیامت تک ہدایت ملتی رہے گی۔ نواسۂ رسول نے کربلا میں حق و صداقت کی تاریخ رقم کی۔ سیدنا امام حسین علیہ السلام نے انسانیت کو ظلم کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کا درس دیا۔ یزید ظلم و جبر، خیانت و استحصال، مطلق العنانیت اور سفاکیت کا مجسم نمونہ تھا۔ سیدنا امام حسین علیہ السلام نے ظلم و جبر کے خلاف حق کا عَلم بلند کیا۔ امام حسین علیہ السلام نے اسلام کے آفاقی اصولوں کو ہمیشہ کیلئے زندہ کر دیا۔ اہلبیت اطہار اور صحابہ کرام ایمان و اتحاد کے روشن چراغ ہیں اور ان سے محبت ایمان کا تقاضا ہے۔ شہدائے کربلا کے صبر و استقامت کی مثال رہتی دنیا تک دی جاتی رہے گی۔ سیدنا امام حسین علیہ السلام کی قربانی تاریخ اسلام کا وہ باب ہے جو لازوال و بے مثال ہے۔ عدم برداشت اور تفرقہ بازی کے دور میں تحریک منہاج القرآن عدم تشدد، امن، بین المسالک ہم آہنگی اور بین المذاہب رواداری کو فروغ دینے کے لیے کوشاں ہے تاکہ معاشرے میں مشترک اقدار کی بنیاد پر اتفاق رائے، یکجہتی اور دوسرے کے وجود کو تسلیم کرتے ہوئے سماجی و معاشرتی زندگی کو بہتر انداز میں گزارنے کے مواقع پیدا ہوں۔ شہادت امام حسین علیہ السلام سے ہمیں امن کا درس ملتا ہے۔ کربلا سے حق و صداقت اور دین پر مر مٹنے کا درس ملتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک منہاج القرآن لاہورکے ناظم اشتیاق حنیف مغل کی رہائش گاہ پر منعقدہ ’’شہادت سیدنا حضرت امام حسین علیہ السلام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

پی پی 148 لاہور کے زیراہتمام منعقدہ ’’شہادت امام حسین کانفرنس‘‘ میں علمائے کرام نے امام عالی مقام علیہ السلام کی قربانیوں اور فلسفہ شہادت پر روشنی ڈالی۔ ملک کے نامور ثنا خوانان مصطفی ﷺ نے بارگاہ رسالت مآب ﷺ میں گلہائے عقیدت اور بارگاہ امامت میں ہدیہ عقیدت پیش کر کے سماں باندھ دیا۔ کانفرنس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ صدر تحریک منہاج القرآن لاہور حافظ غلام فرید، ناظم تحریک منہاج القرآن لاہور اشتیاق حنیف مغل نے بھی کانفرنس سے خطاب کیا۔ سید محمود الحسن، بابر علی چوہدری، حاجی امجد علی قادری، شفاقت علی مغل، علامہ احسن اویس مُصطفوی، عبدالرحمن، سید ذیشان بابو، محمد اقبال مغل، صوفی محمد اعجاز مغل، علامہ غلام مرتضیٰ سیالوی، علامہ عمران انیس طاہری، علامہ ساجد منہاجین اور دیگر رہنماؤں نے کانفرنس میں خصوصی شرکت کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top