جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں ذکر اہل بیت و عظمت سیدہ کائنات سلام اللہ علیہا کانفرنس

حضور اکرم ﷺ کی مدح سرائی دین و دنیا کی بھلائی کا ذریعہ بنتی ہے
اہلبیت اطہار علیہم السلام کی فضیلت اور عظمت قرآن و حدیث سے ثابت ہے: صاحبزادہ سید فیض الحسن
صاحبزادہ تسلیم احمد صابری، قاری سید خالد حمید کاظمی، احمد علی حاکم، سید زبیب مسعود شاہ بخاری، سید عبد الرؤف بخاری کی شرکت
ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی، محمدعباس نقشبندی، پروفیسر رانا محمد اکرم کی خصوصی شرکت

لاہور (22 ستمبر 2020) جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن، لاہور میں محفل ذکر اہل بیت علیہم السلام و عظمت سیدہ کائنات سلام اللہ علیہا کانفرنس منعقد ہوئی۔ کانفرنس میں ملک بھر سے مشائخ عظام، جید علمائے کرام، نامور قراء اور عالمی شہرت یافتہ ثناء خوانان مصطفی ﷺ نے شرکت کی۔ منہاج یونیورسٹی کے فاضل صاحبزادہ سید فیض الحسن (بھنگالی شریف) نے عظمت اہل بیت علیہم السلام و شان سیدہ کائنات سلام اللہ علیہا کے موضوع پر قرآن و حدیث کی روشنی میں مدلل خطاب کیا۔ عالمی شہرت یافتہ نقیب صاحبزادہ تسلیم احمد صابری نے نقابت کے فرائض انجام دیئے۔ قاری سید خالد حمید کاظمی الازہری نے تلاوت کلام مجید کی سعادت حاصل کی۔ احمد علی حاکم، سید زبیب مسعود شاہ بخاری، سید عبدالرؤف بخاری نے عشق رسول ﷺ اور محبت اہل بیت علیہم السلام میں ڈوبے ہوئے نعتیہ کلام پیش کئے۔ پرنسپل کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز ڈاکٹر ممتازالحسن باروی، پرنسپل تحفیظ القرآن محمد عباس نقشبندی، پروفیسر رانا محمد اکرم، حافظ عابد بشیر، عین الحق بغدادی سمیت تحریک منہاج القرآن کے رہنماؤں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

صاحبزادہ سید فیض الحسن (بھنگالی شریف) نے اپنے خطاب میں کہا کہ محسن انسانیت حضور اکرم ﷺ کی مدح سرائی دین و دنیا کی بھلائی کا ذریعہ بنتی ہے۔ اہل بیت اطہار علیہم السلام کی فضیلت اور عظمت قرآن و حدیث سے ثابت ہے۔ اہل بیت اطہار علیہم السلام سے محبت کرنا، انکا احترام کرنا اور ان سے عقیدت رکھنا ہر مسلمان کے ایمان کا جزو ہے۔ انہوں نے کہا کہ اہل بیت اطہار علیہم السلام کا ذکر کرنا، انکی عظمتوں کو قرآن و حدیث کی روشنی میں بیان کرنا نہ صرف وقت کا تقاضا ہے بلکہ ایمان کا جزو لاینفک بھی ہے۔

محفل ذکر اہل بیت علیہم السلام سے محمد عباس نقشبندی نے بھی خطاب کیا اور ملکی سلامتی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعا کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top