منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی طرف سے زلزلہ سے تباہ گھروں کی تعمیرنو کا کام مکمل

متاثرین کو نو تعمیر شدہ گھروں کی چابیاں دی گئیں، متاثرین کا اظہار تشکر
میرپور میں خصوصی تقریب، خرم نواز گنڈاپور، سید امجد علی شاہ کی شرکت
متاثرین کی ڈاکٹر طاہرالقادری اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کیلئے ڈھیروں دعائیں

لاہور (26 ستمبر 2020ء) منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی طرف سے میرپور آزاد کشمیر کھڑی شریف میں زلزلے میں مسمار ہونے والے گھروں کی تعمیرنو مکمل ہونے پر مالکان کو گھروں کی چابیاں دی گئیں، اس حوالے سے منعقدہ خصوصی تقریب میں ناظم اعلیٰ منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور، سید امجد علی شاہ اور مقامی رہنماؤں نے شرکت کی، جن متاثرین کو گھر تعمیر کر کے دیئے گئے انہوں نے تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کیا، متاثرین نے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کے بعد منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن ہمارے آنسو پونچھنے آئی، منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے لئے ہماری ڈھیروں دعائیں ہیں کہ اللہ تعالیٰ اس ویلفیئر آرگنائزیشن کو تاقیامت قائم و دائم رکھے، اس موقع پر ناظم تحریک منہاج القرآن آزاد کشمیر ظفر اقبال طاہر، صدر منہاج القرآن آزاد کشمیر حافظ احسان الحق، ناظم منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن آزاد کشمیر پروفیسر محمد رشید صدیقی، علامہ جمیل احمد زاہد، سید ارشد شاہ، شاہد محمود قادری و دیگر رہنما موجود تھے۔

خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ مشکل کی ہر گھڑی میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے والنٹیئرز متاثرہ بھائیوں کی مدد کو پہنچتے ہیں، انہوں نے اس موقع پر خصوصی دعا بھی کروائی کہ اللہ رب العزت پوری انسانیت کو آفات، زلزلوں سے محفوظ و مامون رکھے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین کی مدد کیلئے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن یو کے ہیڈ کوارٹر بھی پیش پیش تھا اور متاثرین کی مدد کے حوالے سے فیصل حسین مشہدی کی خدمات قابل تعریف ہیں۔

بیوہ سید احمد شاہ مرحوم، محمد صادق، سردار علی، فہد حمید، علی رضا نے نو تعمیر شدہ گھروں کی چابیاں وصول کیں۔

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے کنٹری ہیڈ سید امجد علی شاہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ نے ہمیں یہ توفیق بخشی کہ زلزلہ کے فوری بعد متاثرہ دیہاتوں میں ہماری سروے ٹیمیں آئیں اور ہم نے موقع پر متاثرین کی مالی مدد بھی کی، جزوی نقصان کے ازالے کے لئے بھی کردار ادا کیا اور توفیق اور وسائل کے مطابق انتہائی غریب خاندانوں کو مسمار شدہ گھر بھی تعمیر کر کے دیئے۔ متاثرین کو خوراک اور خیمے بھی پہنچائے گئے، انہوں نے کہا کہ یہ کسی پر احسان نہیں تھا، حضور نبی اکرم ﷺ نے فرمایا کہ مسلمان ایک جسم کی طرح ہیں، جس طرح جسم کا ایک حصہ تکلیف میں آئے تو پورا جسم تکلیف میں مبتلا ہو جاتا ہے، اسی طرح ایک مسلمان دوسرے مسلمان کے لئے تکلیف محسوس کرے تو اس کا ایمان مکمل ہے، اس فرمان نبوی ﷺکی پیروی میں اپنے تکلیف زدہ بھائیوں کی مدد کے لئے اپنا کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری متاثرین کی مدد کے حوالے سے لمحہ بہ لمحہ باخبر رہے اور چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کی نگرانی اور ہدایات کی روشنی میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن آزاد کشمیر کے متاثرہ علاقوں میں اپنا فلاحی، تعمیراتی کردار اد کرتی رہی۔ انہوں بتایا کہ میرپور آزاد کشمیر کے گاؤں چھابڑیاں، ٹرنال، ڈوپھلی، مغلپورہ، افضل پور میں زلزلہ سے متاثرہ خاندانوں کو مکانات تعمیر کر کے دئیے گئے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top