منہاج القرآن کی 37ویں عالمی میلاد کانفرنس مینار پاکستان پر ہو گی

تحریک منہاج القرآن کا 40واں یوم تاسیس 17 اکتوبر کو منایا جائے گا
منہاج القرآن کے یوم تاسیس کی تقریبات ایک ہفتہ تک منائی جائینگی
سی ڈبلیو سی کے اجلاس میں ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا خطاب
اجلاس میں خرم نواز گنڈاپور، بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان، رفیق نجم کا اظہار خیال

لاہور (26 ستمبر 2020ء) منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سنٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ منہاج القرآن کی 37ویں عالمی میلاد کانفرنس مینار پاکستان پر ہو گی اور تحریک منہاج القرآن کا 40واں یوم تاسیس 17 اکتوبر کو منایا جائے گا، اجلاس میں نائب صدر بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان، ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور، نائب ناظم اعلیٰ کوآرڈینیشن انجینئر محمد رفیق نجم، جی ایم ملک، نوراللہ صدیقی، علامہ رانا محمد ادریس، جواد حامد و دیگر رہنما موجود تھے۔

چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی میلاد کانفرنس منہاج القرآن کی پوری دنیا میں شناخت بن چکی ہے، اس کانفرنس کے ذریعے سیرت مصطفیٰ ﷺ اور عشق مصطفیٰ ﷺ کا پیغام ہر سال کروڑوں مسلمانوں تک جاتا ہے اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری ایمان افروز خطاب فرماتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ 17 اکتوبر کو تحریک منہاج القرآن کی تشکیل کے 40 سال مکمل ہو رہے ہیں، منہاج القرآن نے ان چار دہائیوں میں دنیا کے خطے خطے میں علم، امن، تجدیدِ دین، احیائے اسلام، اصلاح احوال، تزکیہ نفس، تصفیہ قلب اور قرآن و سنت کی روشنی میں بین المذاہب رواداری کا پیغام پہنچایا، منہاج القرآن نے بے مثال تعلیمی ادارے قائم کر کے لاکھوں طلبہ کو سستی اور معیاری تعلیم مہیا کی، ان اداروں کا شرح خواندگی میں اضافہ کے حوالے سے قابل ذکر کردار ہے، انہوں نے کہا کہ ان شاء اللہ تعالیٰ منہاج القرآن کے یوم تاسیس کی تقریبات ہفتہ بھر منائی جائیں گی۔ اس حوالے سے انہوں نے انتظامی کمیٹی بھی تشکیل دی۔

سنٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس میں رانا محمد فیاض، حافظ غلام فرید، قاضی فیض الاسلام، شہزاد رسول، علامہ میر آصف اکبر، فرح ناز، سدرہ کرامت، کلثوم طفیل، عائشہ مبشر و دیگر ممبران نے اظہار خیال کیا، اجلاس میں قاضی زاہد حسین، کرنل (ر) محمد مبشر نے آن لائن شرکت کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top