بدعنوان شخص غیراسلامی معاشروں میں بھی ناقابل قبول ہے: ڈاکٹر حسن محی الدین

حضور نبی اکرم ﷺکی 63 سالہ زندگی صداقت وامانت کا مظہر ہے، چیئرمین سپریم کونسل
لیڈر شپ کی پہلی کوالٹی اس کا راست گو اور صادق و امین ہونا ہے
نظامت تربیت، منہاج القرآن لاہور کے مشترکہ تعاون سے منعقدہ ورکشاپ سے خطاب

لاہور (28 ستمبر 2020ء) منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ بدعنوان اسلامی سلطنت تو کیا غیراسلامی معاشروں کیلئے بھی ناقابل قبول ہوتا ہے۔ حضور نبی اکرم ﷺ کی 63 سالہ زندگی صداقت و امانت کا مظہر ہے، تاریخ انسانی کی سب سے پہلی تہذیب یافتہ آئینی سلطنت ریاست مدینہ تھی جس میں لیڈر شپ اور ووٹر کے حقوق وکردار کا تعین کیا گیا تھا۔ لیڈر شپ کی پہلی کوالٹی اس کا راست گو اور صادق و امین ہونا ہے، عوام اور عوام کے نمائندے حضور نبی اکرم ﷺ کی مبارک زندگی کے مطالعہ کو اپنا معمول بنائیں۔ بڑا لیڈر بڑی قربانی دینے والا ہوتا ہے، جو عوام کے پیسے سے اپنی ذاتی ضروریات پورے کرے، ذرائع آمدن کو خفیہ رکھے وہ لیڈر نہیں خائن ہوتا ہے۔ بدقسمتی سے پاکستان کی سیاست اور معاشرت کو جمہوریت کے نام پر ایسے ہی شعبدہ بازوں نے گھیر رکھا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نظامت دعوت و تربیت اور منہاج القرآن لاہور کے مشترکہ تعاون سے منعقدہ تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تربیتی ورکشاپ میں پروفیسر محمد سلیم احمد، چودھری منہاج الدین قادری، حافظ غلام فرید، اشتیاق حنیف مغل، حفیظ اللہ جاوید، حاجی امجد، چودھری افضل گجر، نورین علوی، علامہ خلیل حنفی، میر احسن منیر، اصغر ساجدنے اظہار خیال کیا۔ تربیتی ورکشاپ میں لاہور کے پی پی حلقہ جات کے صدور، ناظمین اور ذمہ داران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے اپنے خطاب میں کہا کہ لیڈر قربانی دینے میں پہل کرتا ہے، وقت کا پابند ہوتا ہے، جہاں دیدہ اور تہذیب یافتہ ہوتا ہے، وہ اپنے معاملات زندگی میں جھوٹ اور کذب و افترا سے کوسوں میل دورہوتا ہے۔ یہی صالح اوصاف آقائے دو جہاں ﷺ، ان کے اصحاب اور خلفائے راشدین کے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہر شخص اپنی گھریلو سماجی، دفتری،کاروباری زندگی کے اندر اپنے اپنے دائرہ کار میں ایک لیڈر اور رہنما کا کردار بھی ادا کر رہا ہوتا ہے۔ لہٰذا احساس ذمہ داری، راست گوئی، پابندی وقت، خوش اخلاقی، ہمدردی کے اوصاف اس کی گفتار اور کردار کا حصہ ہونا چاہئیں۔ اخلاقیات اور روحانیت سے صراط مستقیم ملتا ہے۔ انہوں نے بامقصد تربیتی ورکشاپ کے انعقاد پر نظامت تربیت اور منہاج القرآن لاہور کو مبارکباد دی، انہوں نے کہا کہ سیکھنے اور سکھانے کے عمل سے کردار، گفتار میں پختگی آتی ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top