عوامی تاجر اتحاد کے وفد کی ڈاکٹر حسن محی الدین قادری سے ملاقات

تجارت نفع بخش اقتصادی سرگرمی کے ساتھ انسانی خدمت کا بڑا ذریعہ بھی ہے
تاجر اسلامی تعلیمات پر چلیں تو کاروبار بھی عبادت ہے: چیئرمین سپریم کونسل
وفد میں حاجی اسحاق، الطاف رندھاوا، راشد چودھری، حافظ غلام فرید، ثاقب بھٹی حکیم اسلم شامل تھے

لاہور (3 اکتوبر 2020) عوامی تاجر اتحاد کے وفد نے چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ وفد نے عوامی تاجر اتحاد کی کارکردگی، چیمبر آف کامرس کے انتخابات اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے گفتگو کی۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تجارت نفع بخش اقتصادی سرگرمی کے ساتھ انسانی خدمت کا ایک بڑا ذریعہ بھی ہے۔ تاجر اسلامی تعلیمات کے مطابق کاروبار کریں تو انکا کاروبار بھی عبادت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان چاہے زندگی کے کسی بھی شعبہ سے منسلک ہو اسکا جینا مرنا، اٹھنا بیٹھنا اللہ اور اس کے رسول ﷺ کیلئے ہوتا ہے۔ اسی طرح تجارت محض نفع کمانے کا نام نہیں ہے بلکہ دولت کے ارتکاز کو ختم کرنا اور اقتصادی سرگرمیوں میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کو شریک کرنا ایک مسلمان تاجر کی دینی اور اخلاقی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری ناجائز منافع خوری اور مصنوعی مہنگائی کو ختم کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ مصنوعی مہنگائی سے غریب افراد کا استحصال ہوتا ہے۔

چیئرمین سپریم کونسل سے چیئرمین عوامی تاجر اتحاد حاجی محمد اسحاق، صدر الطاف رندھاوا، سیکرٹری جنرل راشد چودھری، کوآرڈینیٹر شاہ عالم مارکیٹ حکیم محمد اسلم، صدر منہاج القرآن لاہور حافظ غلام فرید اور ثاقب بھٹی نے ملاقات کی۔ وفد نے منہاج القرآن کے پلیٹ فارم سے تاجروں کی رہنمائی کیلئے بلاسود بینکاری، اقتصادیات اسلام اور اسلامی اخلاقیات تجارت جیسی معلومات سے بھرپور انتہائی مفید کتب کی اشاعت پر چیئرمین سپریم کونسل کو مبارکباد دی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top