مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کا 26 واں یوم تاسیس 6 اکتوبر کو منایا جائیگا

تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری خطاب کرینگے
یوم تاسیس کی تقریب میں ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، معروف دانشور خلیل الرحمن اظہار خیال کرینگے
مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے اصلاحی کردار نے لاکھوں نوجوانوں کی زندگیاں تبدیل کیں، عرفان یوسف

لاہور (5 اکتوبر 2020ء) مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کا 26 واں یوم تاسیس منگل 6 اکتوبر 2020ء کو منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منایاجائے گا، یوم تاسیس کی تقریب سے تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری خطاب کریں گے۔ یوم تاسیس کی تقریب میں چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، معروف دانشور، ادیب، ڈرامہ نگار، ہدایتکار خلیل الرحمن قمر خصوصی شرکت کریں گے۔ تقریب سے خرم نواز گنڈاپور، ایم ایس ایم کے سابق صدور اور رہنما، ذمہ داران، کارکنان بڑی تعداد میں شریک ہونگے۔

یوم تاسیس کے انتظامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ چودھری عرفان یوسف نے کہا کہ ایم ایس ایم کے 26 سال طلبہ نے علم اور شعور آگہی کے فروغ کے لئے بسرکئے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے ویژن کے مطابق ایم ایس ایم نے انتہا پسندی اور نفرتوں کے خاتمے کے لئے دن رات کام کیا۔ آج پاکستان بھر کے ہر کالج اور یونیورسٹی میں ایم ایس کے نوجوانوں کو کردار، پیار اور محبت کی علامت سمجھاجاتا ہے۔ منہاج القرآن کے اصلاحی اور تربیتی کردار نے لاکھوں نوجوانوں کی زندگیاں تبدیل کیں، وہ نوجوان جو بے راہ روی کا شکار تھے آج شب زندہ دار اور صوم صلوۃ کے پابند ہیں۔

چودھری عرفان یوسف کا مزید کہنا تھا کہ نوجوانوں کے تعلیمی مسائل کے حل کے لئے ایم ایس ایم نے پرامن اور اصلاحی و تربیتی کردار کے ذریعے نہ صرف طلبہ کے مسائل حل کرنے کی کوشش کی بلکہ استاد اور طالب کے درمیان احترام والے رشتے کو مستحکم بنایا۔ انہوں نے کہا کہ 6 اکتوبر کو ایم ایس ایم کی کارکردگی پر روشنی بھی ڈالی جائے گی اور آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان بھی کیا جائے گا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top