ڈاکٹر طاہرالقادری علم اور دلیل سے بات کرتے ہیں، میں ان کے علم سے متاثر ہوں: خلیل الرحمن قمر
قوم جھوٹ سننے، ظلم برداشت کرنے سے انکار کر دے: خلیل الرحمن قمر
مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے یوم تاسیس سے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری و دیگر کا خطاب
26ویں یوم تاسیس کی تقریب میں گلگت بلتستان، کشمیر سمیت چاروں صوبوں سے طلباء رہنما شریک ہوئے
مرکزی صدر ایم ایس ایم عرفان یوسف اور صوبائی صدور نے ایک نصاب ایک قوم جدوجہد تیز کرنے کا عزم کیا
لاہور (7 اکتوبر 2020ء) تحریک منہاج القرآن کی طلباء تنظیم مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے 26ویں یوم تاسیس کے موقع پر منعقدہ خصوصی تقریب کی صدارت چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کی، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معروف رائٹر، ڈرامہ نویس، دانشور خلیل الرحمن قمر نے کہا کہ قوم جھوٹ سننے اور ظلم برداشت کرنے سے انکار کر دے، جھوٹے سیاستدان اس لئے جھوٹ بولتے ہیں کہ ہم انہیں سن لیتے ہیں، جب قوم نے جھوٹ اور ظلم برداشت کرنے سے انکار کر دیا تو یہ سارے اپنے بیرون ملک مقیم محلات میں غائب ہو جائیں گے، اپنی زبان سے پیار کریں، انگریزی زبان غلام پیدا کر رہی ہے، ڈاکٹر طاہرالقادری علم اور دلیل سے بات کرتے ہیں، میں ان کے علم سے متاثر ہوں، اللہ انہیں اور ان کی تحریک کو سلامت رکھے۔
چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے 26ویں یوم تاسیس پر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے قائدین کو مبارکباد دی اور کہا کہ 26 سال قبل ایم ایس ایم بناتے وقت نوجوانوں نے وعدہ کیا تھا کہ وہ کسی بھی حالت میں اپنے ہاتھ سے قلم کو گرنے نہیں دیں گے اور کسی بھی نازک صورتحال میں تشدد کا راستہ اختیار نہیں کریں گے، ہمیں خوشی ہے کہ ایم ایس ایم کے نوجوانوں نے اپنے اس عہد کو نبھایا ہے اور علم اور دلیل کے ہتھیار سے لاکھوں نوجوانوں کی زندگیوں کو تبدیل کیا ہے، انہوں نے کہا کہ یوم تاسیس کے اجلاس میں سندھ، بلوچستان، کشمیر، گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور پنجاب کے ہر حصے سے نوجوان شریک ہیں، آج پورا پاکستان منہاج القرآن کے آنگن میں جمع ہے اور یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کا نوجوان محب وطن ہے اور کوئی منفی قوت اس اتحاد اور عزم کو نقصان نہیں پہنچا سکتی۔
یوم تاسیس کی تقریب سے مرکزی صدر ایم ایس ایم چودھری عرفان یوسف، فرحان عزیز، میاں انصر محمود، مصباح نور، عمران بھٹی، رانا احسن نثار، فہد سردار، میر احسن منیر، علی قریشی، عطاء المصطفیٰ، فراز ہاشمی، اخلاق حسین، سید بلال حسین، قرۃ العین فاطمہ اور حسن علی نے خطاب کیا۔ تقریب میں عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی، جواد حامد، شہزاد رسول، سعید عالم، مظہر محمود علوی، سدرہ کرامت و دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر یوم تاسیس کے سلسلے میں کیک کاٹا گیا اور ملکی سلامتی کیلئے دعائیں کی گئیں۔
چودھری عرفان یوسف نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہم آج باردگر یہ وعدہ کرتے ہیں کہ ہم طلبہ میں اسلام کے امن، محبت اور رواداری والے پیغام کو عام کرتے رہیں گے اور طلبہ کو کتاب سے دوستی کا پیغام دیتے رہیں گے، شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ہمیں علم سے محبت کی تربیت دی ہے اور یہی کام ہم ہر کالج اور یونیورسٹی میں جا کر کررہے ہیں، انہوں نے کہا کہ ایک نصاب اور ایک قوم کی جدوجہد تیز کرنے کا عزم کرتے ہیں، تمام صوبائی صدور اور سینکڑوں کی تعداد میں شریک طلباء رہنماؤں نے ہاتھ اٹھا کر عہد کیا۔
تبصرہ