جو نظام تعلیم اور صحت کی سہولتیں نہ دے سکا قوم کو عزت کیا دے گا؟ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری

دنیا کو انتظامی بنیادوں پر نئے صوبوں کا تصور ریاست مدینہ سے ملا: چیئرمین سپریم کونسل
اس نظام نے ’اَن ٹچ ایبل مافیا‘ کو جنم دیا، آج ریاست کمزور اور مافیا طاقتور دکھائی دیتا ہے
چیئرمین سپریم کونسل نے منہاج القرآن فرانس کے نائب صدر محمد اقبال مصطفوی کی والدہ کی نماز جنازہ پڑھائی

لاہور (8 اکتوبر 2020ء) منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹرحسن محی الدین قادری نے سرگودھا ڈویژن کے عہدیداران اور عمائدین شہر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے قوم کو جامع اصلاحات کی فکر دی۔ سیاسی، سماجی مسائل کا حل اسی فکر میں ہے۔ جب تک ہم فرسودہ نظام سے نجات حاصل نہیں کریں گے ہمارا کوئی بھی انفرادی اور اجتماعی مسئلہ حل نہیں ہو گا۔ جو نظام 73 سالوں میں تعلیم اور صحت کی بنیادی سہولتیں نہیں دے سکا وہ قوم کو عزت اورتحفظ کیا دے گا؟ اس نظام نے ان ٹچ ایبل مافیا کو جنم دیا جو 14 شہریوں کو دن دہاڑے قتل بھی کر دے تو کوئی انہیں ہاتھ نہیں لگا سکتا۔ یہ بدقسمتی ہے کہ ریاست کمزور اور مافیا طاقتور ہے۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ خودساختہ ”یوٹیوبر سکالرز“ گمراہی پھیلارہے ہیں اور مسلمہ عقائد پر حملے کر کے مذہبی جذبات سے کھیل رہے ہیں اور قوم کو تقسیم کررہے ہیں، اس ففتھ جنریشن وار سے بچنے کے لئے بھی محب وطن اور اسلام پسند افراد کو حکمت عملی بنانی ہو گی، دشمن ہماری نسلوں کو گمراہ کررہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فلاح عامہ کے لئے دنیا کو انتظامی بنیادوں پر نئے صوبوں کا تصور ریاست مدینہ سے ملا، اگر ہم اختیارات کی مرکزیت کو کم کر کے انتظامی یونٹس کو بڑھا لیں تو بہت سارے مسائل حل کر سکتے ہیں۔ ہمارے بعض سیاسی رہنما بظاہر تو جمہوریت کے علمبردار ہیں مگر وہ بادشاہوں کی طرح اٹھتے بیٹھتے اور سوچتے ہیں۔ وہ چاہتے ہیں کہ جس ریاست کے وہ بادشاہ ہوں اس کی سرحدیں مشرق سے مغرب تک پھیلی ہوئی ہوں، اسی سوچ نے پاکستان کو مضبوط اور خوشحال نہیں ہونے دیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہمارے سیاستدان ریاست مدینہ کے انتظامی انفراسٹرکچر اور طرز حکمرانی کا سنجیدہ کے ساتھ مطالعہ کریں تو انہیں انتہائی مفید رہنمائی اور اصول میسر آئیں گے۔ ہماری بدقسمتی ہے کہ ہم دانشوروں کے اقوال اور ریاست مدینہ کے حوالے تو دیتے ہیں مگر حقیقی معنوں میں عملدرآمد پر عملاً آمادہ نہیں ہیں۔

اس موقع پر نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن علامہ رانا محمد ادریس، صدر راجہ اکرام اللہ، ناظم اقبال کاشف، فہیم چیمہ صدر پی اے ٹی، ملک عمران جنرل سیکرٹری پی اے ٹی، ڈاکٹر صدر الحسن فیضی، ڈاکٹر ثناءاللہ شاہ، امجد ڈار، احمد شیر، قاضی فیض الاسلام، عبدالرحمن، جواد حسنین، منشاءالاسلام بھی موجود تھے۔ دریں اثناء منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے تحریک منہاج القرآن فرانس کے نائب صدر محمد اقبال مصطفوی کی والدہ کی نماز جنازہ پڑھائی، نماز جنازہ میں بڑی تعداد میں عہدیداروں، کارکنان شریک ہیں۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے دعا کی کہ اللہ رب العزت مرحومہ کے درجات بلند کرے اور سوگوار خاندان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق دے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top