تحریک منہاج القرآن: علم، امن، تحقیق اور شعور و آگہی کے 40 سال

Minhaj ul Quran 40th foundation day to be celebrated on October 17

17 اکتوبر 2020ء کے دن تحریک منہاج القرآن کا 40 واں یوم تاسیس منایا جارہا ہے، یہ ایک تاریخی لمحہ ہے، 4 دہائیاں قبل شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سرپرستی میں قائم ہونے والی تحریک منہاج القرآن آج پاکستان سمیت دنیا کے تمام براعظموں تک پھیل چکی ہے اور کروڑوں انسان قرآن و سنت کا علم، امن، رواداری اور محبت پر مبنی پیغام سن چکے ہیں اور لاکھوں نوجوان اپنی باطنی دنیا کو حقیقی تعلیماتِ اسلام کی روشنی سے منور کر رہے ہیں۔ اس تاریخی موقع پر منہاج القرآن کے اندرون بیرون ملک مقیم لاکھوں کارکنان اور کروڑوں چاہنے والوں کو خصوصی مبارکباد پیش کرتے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ اللہ رب العزت سے دعا گو ہیں کہ وہ تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو عمر خضر عطا فرمائے اور وہ اسی طرح ملتِ اسلامیہ اور امتِ مسلمہ کو فکری رہنمائی اور تحقیق و تالیف سے بہرہ مند کرتے رہیں۔

اللہ رب العزت نے شرق سے غرب تک تحریک منہاج القرآن کی فکر کو متعارف کروایا ہے اور آج اسے اسلام کی ایک مثبت علامت اور قدر کے طور پر شرق و غرب میں دیکھا جارہا ہے۔ تحریک منہاج القرآن کی عالمی سطح پر پذیرائی کی ایک مثال اس کا اقوام متحدہ کا کنسلٹیٹو سٹیٹس کا حامل ہونا ہے۔ تحریک منہاج القرآن کی فرقہ واریت سے پاک امن کے لئے عالمگیر خدمات کے اعتراف میں 2019ء میں شیخ الاسلام دامت برکاتہم العالیہ کو او آئی سی کی طرف سے خصوصی طور پر مدعو کیا گیا اور ان سے فروغِ امن اور اتحاد امت کے لئے خصوصی لیکچر کی درخواست کی گئی۔ بلاشبہ یہ پاکستان اور اس کے کروڑوں عوام کا اعزاز ہے کہ وہ تحریک جس نے پاکستان سے جنم لیا، آج اسے پوری دنیا میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جارہا ہے۔

تحریک منہاج القرآن کا یہ اعزاز اور امتیاز ہے کہ منہاج القرآن نے اپنے عالمگیر دعوتی، اشاعتی، اصلاحی، فلاحی کردار کی ادائیگی کے ضمن میں ہمیشہ ملکی قوانین اور اقدار و روایات کا پوری طرح خیال رکھا ہے، یہی وجہ ہے کہ منہاج القرآن کو دنیا کے ہر خطے میں ایک امن اور قانون پسند اصلاحی تحریک کے طور پر دیکھا اور تسلیم کیا جاتا ہے۔ اگر رواں صدی منہاج القرآن کی خدمات کو ایک پیرائے میں بیان کیاجائے تو وہ یہ ہے کہ منہاج القرآن نے اسلام کا پرامن چہرہ دہشتگردی کے داغ سے داغدار ہونے سے بچانے کے ساتھ ساتھ پوری انسانیت کو دہشتگردانہ، تکفیری فتنے سے محفوظ بنایا اور مذہبی تنگ نظری کے خلاف عَلم جہاد بلند کیااور علمی مکالمہ کی بنیادرکھی۔ آج دہشت گرد اسلام کا لبادہ اوڑھ کر انسانیت کا خون نہیں بہا سکتے، دشمنان اسلام نے دہشت گردی کے فتنے کو اسلام کے ساتھ جوڑنے کی ناپاک کوشش کی جسے تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اپنے فکری اعتبار سے تربیت یافتہ ہزاروں سکالرز، اہل علم اور نوجوانوں سے مل کر ناکام بنادیا۔ شیخ الاسلام دامت برکاتہم العالیہ اکثر فرماتے ہیں کہ منہاج القرآن کے پلیٹ فارم سے ہونے والے تجدیدی کام کے حصہ دار اس کے لاکھوں کارکنان ہیں۔

آج ہم جس عہد میں زندہ ہیں یہ فتنوں کا عہد ہے، 14سو سال سے مسلّمہ عقائد پر حملے ہورہے ہیں، نوجوانوں کو قرآن و سنت اور جدید سائنسی علوم اور تحقیق سے برگشتہ کیا جارہا ہے، علم کے نور کو جہالت کے اندھیروں میں ڈبویا جارہا ہے، مسلم یوتھ میں ایک سازش کے تحت انتہا پسندی کے جرثومے داخل کئے جارہے ہیں، انہیں علم اور کتاب کے کلچر سے دور کر کے اسلحہ اور تشدد کے راستے پر ڈالاجارہا ہے، اس دوران منہاج القرآن ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جس کے ذریعے نوجوانوں کو علم اور محبت کا درس دیا گیا، انہیں فکری اوراعتقادی رہنمائی مہیا کی گئی۔

الحمدللہ تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سرپرستی اور فکری رہنمائی میں اصلاحِ احوال، علم، امن، تحقیق اور تربیت کے فروغ میں چار دہائیوں سے مصروف عمل ہے۔ان چار دہائیوں میں اسلام کے پرامن اور برادرانہ اخوت پر مبنی پیغامِ حق کو کروڑوں انسانوں تک پہنچایا گیا، تحریک منہاج القرآن کو اللہ نے یہ توفیق بخشی کہ وہ ہر نوع کی فرقہ واریت سے بالاتر ہو کر اتحادِ امت اور اصلاحِ معاشرہ کے لئے خالصتاً قرآن و سنت کی تعلیمات کو عام کررہی ہے۔ اللہ کا کروڑہا شکر ہے کہ آج دنیا کے 100 ممالک میں منہاج القرآن کے اسلامک سنٹرز قائم ہیں جو بیرون ممالک میں مقیم مسلم خاندانوں کو قرآن و سنت کی تعلیمات کی روشنی میں رہنمائی مہیا کررہے ہیں۔

تحریک منہاج القرآن نے تعلیم کے شعبے میں گراں قدر قومی خدمت انجام دی ہے، اس وقت منہاج یونیورسٹی لاہور، کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز،منہاج ویمن کالج، منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے زیر اہتمام ملک کے طول و عرض میں قائم سینکڑوں سکولوں میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد بچے اعلیٰ اور معیاری تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ تحریک منہاج القرآن شرح خواندگی میں اضافہ اور روزگار کی فراہمی کا ایک بڑا ذریعہ بھی ہے۔

تحدیثِ نعمت کے طور پر امر کا اظہار بھی ضروری ہے کہ تحریک منہاج القرآن کے پلیٹ فارم سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے سیکڑوں موضوعات پر ایک ہزار سے زائد کتب تالیف کی ہیں جن میں سے 600 کتب شائع ہو چکی ہیں، ان کتب سے دنیا بھر کے مسلم و غیر مسلم عوام استفادہ کررہے ہیں۔ منہاج القرآن کے فورمز جن میں منہاج یوتھ لیگ، منہاج القرآن ویمن لیگ، ایم ایس ایم، علماء کونسل، نظامت دعوت و تربیت، نظامت میڈیا، منہاج ٹی وی، سوشل میڈیا یہ تمام فورمز اور ڈیپارٹمنٹس نفرتوں کے خاتمے، علم، محبت اور برادرانہ اخوت کے پیغام کو عام کررہے ہیں۔

تحریک منہاج القرآن خدمتِ دین، اصلاحِ معاشرہ کے ساتھ ساتھ فلاحی امور میں بھی اپنا قابلِ ذکر دینی و قومی کردارادا کررہی ہے۔ منہاج القرآن کاذیلی فورم منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن اس وقت ہزاروں طلبہ کو تعلیم مکمل کرنے کے لئے مالی وسائل مہیا کررہا ہے، اس کے علاوہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی، وسیلہ روزگار سکیم، شادیوں کی اجتماعی تقاریب کا انعقاد، قدرتی آفات سے متاثرہ شہریوں کی مدد اور بحالی کے منصوبہ جات منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی ترجیحی فہرست میں شامل ہیں۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن ایک عظیم الشان ادارہ آغوش آرفن کیئر ہوم بھی چلارہی ہے جس میں یتیم بچوں کو اعلیٰ تعلیم و تربیت مہیا کی جارہی ہے ۔آغوش آرفن کیئر ہوم لاہور کی طرز پر ملک کے دیگر بڑے شہروں تک بھی اس منصوبہ کو پھیلایا جارہا ہے تاکہ کسی بھی وجہ سے والدین کے سایہ سے محروم رہ جانے والے غریب بچے علم کے زیور سے محروم نہ رہ جائیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top