السید یوسف ضیاء الدین القادری، الگیلانی البغدادی کی یاد میں دعائیہ تقریب کا انعقاد

خانوادہ غوث الاعظم کی خوشی منہاج القرآن کی خوشی اور انکا دکھ منہاج القرآن کا دکھ ہے: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری
مرحوم نے زندگی خدمت خلق، دین اسلام کی ترویج میں گزاری: چیئرمین سپریم کونسل تحریک منہاج القرآن
دعائیہ تقریب میں جی ایم ملک، سید الطاف حسین گیلانی، سید مشرف شاہ، راجہ زاہد محمود، شہزاد رسول قادری، عابد بشیر قادری کی شرکت

لاہور (15 اکتوبر 2020) تحریک منہاج القرآن کے روحانی سرپرست قدوۃ الاولیا حضور سیدنا محمد طاہر علاؤ الدین القادری، الگیلانی، البغدادی کے بڑے بھائی السید یوسف ضیاء الدین القادری، الگیلانی البغدادی گزشتہ دنوں بغداد (عراق) میں انتقال کر گئے تھے۔ قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے ان کے انتقال پر دلی دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ منہاج القرآن کے جملہ ذمہ داران، کارکنان، عہدیداران سوگوار خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں بزم قادریہ کے زیراہتمام السید یوسف ضیاء الدین القادری، الگیلانی البغدادی کی یاد میں دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ان کی دینی و انسانیت کیلئے خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خانوادہ حضرت سیدنا غوث الاعظم کی خوشی منہاج القرآن کی خوشی اور انکا دکھ تحریک منہاج القرآن کا دکھ ہے۔ السید یوسف ضیاء الدین القادری، الگیلانی البغدادی کا انتقال تحریک منہاج القرآن، معتقدین، مریدین اور سوگوار خاندان کیلئے بڑا سانحہ ہے۔ مرحوم نے ساری زندگی نیکی کے کاموں، خدمت خلق، دین اسلام کی ترویج اور نبی اکرم ﷺ کی تعلیمات کو عام کرنے میں بسر کی۔ مرحوم باعمل صوفی بزرگ تھے۔ دعائیہ تقریب میں سید خالد حمید کاظمی نے تلاوت کلام پاک اور محمد عاطف قادری اور غلام فرید چشتی نے بحضور سرور کونین ﷺ گلہائے عقیدت پیش کئے۔ دعائیہ تقریب میں قائمقام ناظم اعلیٰ منہاج القرآن جی ایم ملک، سید الطاف حسین گیلانی، سید مشرف شاہ، راجہ زاہد محمود، حاجی منظور حسین قادری، شہزاد رسول قادری، حاجی محمد اسحق، جواد حامد، حافظ عابد بشیر قادری، ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی نے شرکت کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top