تحریک منہاج القرآن کراچی کے زیراہتمام ماہانہ درس عرفان القرآن

مورخہ: 10 مارچ 2007ء

رپورٹ : محمد الیاس مغل

تحریک منہاج القرآن کراچی ڈویژن کے زیراہتمام گزشتہ دنوں 10 مارچ 2007 کو منہاج یونیورسٹی شاہ لطیف ٹاؤن میں ماہانہ درس عرفان القرآن منعقد کیا گیا۔ جس کی صدارت امیر تحریک منہاج القرآن کراچی ڈویژن قیصر اقبال قادری نے کی۔ پروگرام کا آغاز قاری محمد نذیر نے تلاوت کلام مجید سے کیا جبکہ سرکار رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ عقیدت منہاج نعت کونسل کے سید معاذ نظامی نے پیش کیا۔ درس قرآن کی اس تقریب میں تحریک منہاج القرآن سپریم کونسل کے ممبر پروفیسر ابوالحسن نعمانی، سید ظفر اقبال، سید محمد خان محسود، ظہور احمد اعوان، محمود میمن، ناظم یوتھ زاہد حسین، علامہ غوث چشتی، حافظ محمد اصغر، علامہ عبدالرزاق، مفتی عطاء محمد فہیم، علامہ عبدالقیوم حیدری، عصمت اللہ نیازی مہمان تھے۔ ان کے علاوہ منہاج ویمن لیگ کی پروین مصطفوی، شاہدہ نعمانی، نسرین اختر اور خواتین کی کثیرتعداد بھی یہاں بھی موجود تھی۔

تحریک منہاج القرآن کے مرکزی ناظم دعوت علامہ ارشاد حسین سعیدی نے درس قرآن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج جب عالم کفر ہر طرف سے عالم اسلام کے خلاف برسرپیکار ہے تو قرآنی احکام کو سمجھنے اور ان پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت اور بھی بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن فہمی کے نتیجے میں محبت الٰہی اور ادب و اتباع رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا داعیہ پیدا ہورہا ہے۔ تحریک منہاج القرآن کے دروس قرآن کے کا میاب انعقاد نے لوگو ں کے دلوں میں قرآن اور صاحب قرآن کی محبت کو پختہ کر دیا ہے۔

اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے امیر تحریک منہاج القرآن کراچی ڈویژن قیصر اقبال قادری نے کہا کہ عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم مومن کی میراث ہے۔ ہر مسلمان کو چاہیے کہ تمام محبتوں پر اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت کو ترجیح دے۔ انہوں نے کہا کہ درود وسلام ایک ایسا عمل ہے جو اللہ رب العزت کی سنت مبارکہ ہے اور اس کے مقرب فرشتے بھی یہ فریضہ ہر وقت بجا لاتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے قرآن پاک میں اپنے نیک بندوں کو یہ حکم دیا ہے کہ تم بھی میرے محبوب صاحب لولاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے تعلق محبت کو پختہ کرو اور ان کی بارگاہ میں درودوسلام پیش کیا کرو۔ ناظم تحریک کراچی اطہر جاوید صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے داعی ہیں۔ ان کی قائم کردہ تحریک منہاج القرآن چہار دانگ عالم میں عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شمعیں فروزاں کر رہی ہے۔ درس قرآن کے آخر میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں درود وسلام کے نذرانے پیش کئے گئے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top