ظلم اور حرام خوری کے خاتمے سے سوسائٹی پرامن اور خوشحال ہو گی: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری

جس معاشرے میں ظلم، نا انصافی ہو گی، وہاں اللہ کی مدد اور نصرت نہیں آئے گی
حرام خوروں کے بارے میں اللہ رب العزت کی طرف سے سخت وعیدیں ہیں
عدل و انصاف ہی وہ پیمانہ ہے جس کی بدولت انسانیت زندہ ہے: چیئرمین سپریم کونسل

لاہور (27 نومبر 2020) چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا ہے کہ ظلم، بے انصافی اور حرام خوری کے خاتمے سے سوسائٹی پر امن اور خوشحال ہو گی۔ جس معاشرے میں ظلم، نا انصافی ہو گی، وہاں اللہ کی مدد اور نصرت نہیں آئے گی۔ حرام خوروں کے بارے میں اللہ رب العزت کی طرف سے سخت وعیدیں ہیں۔ حلال و پاکیزہ کسب معاش فرض ہے، قرآن و سنت میں حرام کمائی سے بچنے کے احکامات موجود ہیں۔ حرام مال کا ایک لقمہ بھی جہنم میں لے جانے کیلئے کافی ہے۔ روزگار اختیار کرتے وقت شریعت کے احکامات کو مدنظر رکھنا چاہیے کہ وہ پیشہ حرام ہے یا حلال ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نماز جمعہ کے بعد کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ چوری، رشوت اور سود سب سے بچنا ضروری ہے۔ اسلام عدل و انصاف پر زور دیتا ہے، یہ وہ وصف ہے جسے اپنانے والی اقوام سربلندی و سرفرازی سے ہمکنار ہوتی ہیں۔ عدل و انصاف ہی وہ پیمانہ ہے جس کی بدولت انسانیت زندہ ہے۔ اگر کوئی معاشرہ عدل و انصاف سے عاری ہو تو وہ کبھی صالح معاشرہ نہیں ہو سکتا بلکہ ظلم و جبر اور دہشت و درندگی کی آماجگاہ بن جاتا ہے۔ عدل و انصاف معاشرے کے استحکام اور قوموں کی بقا کی ضمانت ہے۔ قرآن مجید اور احادیث مبارکہ میں عدل و انصاف کے قیام پر بے انتہا زور دیا گیا ہے۔ جن معاشروں میں ظلم اور بے انصافی ہوتی ہے وہ روبہ زوال ہو کر تباہی و بربادی سے دوچار ہو جاتے ہیں۔ بحثیت مسلمان ہم پر لازم ہے کہ ہم اللہ رب العزت کے احکامات اور حضور اکرم ﷺ کے ارشادات عالیہ پر عمل پیرا ہو ں اور انہی احکامات کی روشنی میں معاشرے میں صحیح معنوں میں عدل و انصاف قائم کریں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top