ہر شعبہ میں کوالیفائیڈ شریعہ سکالرز کی ضرورت ہے: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری

کالج آف شریعہ کی طرف سے’’التخصص فی الفقہ‘‘ دو سالہ ڈگری پروگرام کا اجراکر دیا گیا: چیئرمین سپریم کونسل

لاہور (29 نومبر 2020) منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا ہے کہ زندگی کے ہر شعبہ میں کوالیفائیڈ شریعہ سکالرز کی ضرورت ہے۔ حلال سرٹیفکیشن کی ضرورت و اہمیت کا دائرہ مشرق و مغرب، عرب و عجم تک پھیل چکا ہے۔ عصری ضروریات کو پورا کرنے کے لئے ہمیشہ کی طرح اس شعبے میں بھی تحریک منہاج القرآن کے بانی و سر پرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے امت کو علمی و فکری رہنمائی مہیا کی ہے اور منہاج القرآن کے تعلیمی ادارے کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کی طرف سے’’التخصص فی الفقہ‘‘ کے نام سے دو سالہ ڈگری پروگرام شروع کر دیا گیا ہے۔ یہ ڈگری پروگرام دین، خدمت انسانیت کے ساتھ ساتھ ایک بہت بڑی جاب مارکیٹ بھی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے پرنسپل ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی نے اس موقع پر چیئرمین سپریم کونسل کو کورونا وائرس کی وباء کے دوران کالج ایڈمنسٹریشن کی طرف سے اٹھائے گئے حفاظتی اقدامات کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کی ہدایات کے مطابق تدریسی پروگرام آن لائن کر دیا گیا ہے۔ 50 فی صد سے زائد سٹاف ممبر اور طلبہ و طالبات کی تعداد کو کم کر دیا گیا ہے۔

دفتری امور کے سلسلے میں آنیوالے طلبہ و طالبات کےلئے ماسک کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کو آن لائن لیکچر دئیے جا رہے ہیں۔ ہماری بھرپور کوشش ہے کہ احتیاطی تدابیر سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جائے اور اس کے ساتھ ساتھ طلبہ کی تعلیم کا بھی حرج نہ ہو۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top