نظام بدلنے کی کنجی نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری

منہاج یوتھ لیگ کا 32واں یوم تاسیس جوش و خروش سے منایا گیا
خرم نواز گنڈاپور، انجینئر محمد رفیق نجم، مظہر محمود علوی، فرح ناز و دیگر کا خطاب
یوم تاسیس پر 32 پاؤنڈ کا کیک کاٹا گیا، ملکی سلامتی، خوشحالی کے لئے دعائیں

youth convention

لاہور (30 نومبر 2020ء) منہاج یوتھ لیگ کے 32ویں یوم تاسیس پر منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں خصوصی تقریب منعقد ہوئی، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ نظام بدلنے کی کنجی نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے، ڈاکٹر طاہرالقادری نے نوجوانوں کو اصلاحات کا شعور دیا، جو نظام بے گناہوں کی جانیں لے، کمزور شہریوں کو انصاف سے محروم رکھے ہم اس نظام کو پاکستان کے مستقبل کے لئے ایک برا شگون سمجھتے ہیں، حضور نبی اکرم ﷺ نے نوجوانوں کی قوت سے تاریخ عالم کا سب سے بڑا اسلامی انقلاب برپا کیا، ان کی ٹیم کے بیش تر سپہ سالار نوجوان تھے، شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اپنی زندگی کا ہر لمحہ نوجوانوں کی تعلیم و تربیت پر صرف کیا ہے، منہاج یوتھ لیگ نوجوانوں کی واحد نمائندہ تنظیم ہے جس کا فوکس کردار سازی رہا ہے اور انہوں نے نازک سے نازک مرحلہ پر بھی قلم کو ہاتھ سے گرنے نہیں دیا۔ انہوں نے 32ویں یوم تاسیس پر منہاج یوتھ لیگ کی موجودہ اور سابقہ قیادت کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔

یوم تاسیس کی تقریب سے ناظم اعلیٰ منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور، صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ مظہر محمود علوی، نائب ناظم اعلیٰ محمد رفیق نجم، ساجد محمود بھٹی، فرح ناز، صدرایم ایس ایم عرفان یوسف، منصور قاسم اعوان، حاجی فرخ، محسن شہزاد، انعام مصطفوی، محسن علوی نے خطاب کیا۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے اپنے خطاب میں کہا کہ منہاج القرآن کے نوجوانوں نے اس ظالم نظام کے خلاف جو قربانیاں دی ہیں وہ تاریخ کا ایک ایسا باب ہے جسے کبھی کوئی فراموش نہیں کر سکتا اور جس نظام کے خلاف قربانیاں دی گئی ہیں تباہ و برباد ہونا اس کا مقدر ہے، جو اس نظام کی بیساکھی بننے کی کوشش کریں گے وہ بھی تباہ ہو جائیں گے، جس نظام میں ماڈل ٹاؤن جیسے سانحات ہوں ہم اسے انسانیت کا دشمن نظام سمجھتے ہیں۔

یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ نوجوان اس ملک کا سرمایہ ہیں، ہر حکومت نوجوانوں کے لئے منشور تو بناتی ہے مگر اقتدار میں آ کر انہیں نظر انداز کر دیتی ہے، ڈاکٹر طاہرالقادری نے اقتدار میں آئے بغیر نوجوانوں کو تعلیم و تربیت کے زیور سے آراستہ کیا اور انہیں سوسائٹی کاایک انتہائی مفید رکن بنایا۔

مرکزی صدر مظہر محمود علوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منہاج یوتھ لیگ آئندہ سال سے نیشنل یوتھ ایوارڈ کااجراء کررہی ہے، یہ ایوارڈ ان باصلاحیت نوجوانوں کو دیا جائے گا جنہوں نے مختلف شعبہ جات میں پاکستان اور انسانیت کی خدمت انجام دی ہو گی، انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن پاکستان کے یوتھ ٹیلنٹ کی عزت افزائی کرے گی۔

یوتھ لیگ کے سیکرٹری جنرل منصور قاسم اعوان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوتھ لیگ کے نوجوان نظریہ اسلام اور نظریہ پاکستان کے محافظ ہیں۔ انہوں نے منہاج یوتھ لیگ کے آئندہ اہداف کااعلان بھی کیا۔

تقریب میں نائب ناظم اعلیٰ میڈیا افیئرز نوراللہ صدیقی، ناظم سیکرٹریٹ جواد حامد، پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی نائب صدر راجہ زاہد محمود نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب سے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی صدر عرفان یوسف نے بھی خطاب کیا اور 32ویں یوم تاسیس پر مظہر محمود علوی اور تمام ذمہ داران کو مبارکبا دی۔ تقریب میں مقررین نے ”ہم نے گلشن کے تحفظ کی قسم کھائی ہے“ کے موضوع پر خطابات کئے۔ یوم تاسیس کی تقریب میں سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور پنجاب کے عہدیداران نے شرکت کی۔ سندھ سے غلام مصطفی، جنوبی پنجاب سے زاہد مصطفوی، کشمیر سے محسن مشتاق علوی، خیبرپختونخوا سے یاسر ریاض نے تقریب سے خطاب کیا اور اپنی اپنی علاقائی زبانوں میں اظہار خیال کیا۔ تقریب کے اختتام پر 32 پاؤنڈ وزنی کیک کاٹا گیا اور ملکی سلامتی و خوشحالی کیلئے دعائیں کی گئیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top