دینی تعلیمات کا فروغ سوشل میڈیا کا بہترین استعمال ہے: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری

منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا کا بہترین استعمال اللہ اور اس کے رسول ﷺ کا پیغام پہنچانا ہے۔ نوجوان خرافات شیئر کرنے کی بجائے آیت قرآنی، احادیث نبوی ﷺ اور قصص القرآن ایک دوسرے سے شیئر کریں، موبائل کے استعمال کا یہ طریقہ اور عمل عبادت بن جائے گا۔ امت محمدیہ کو دعوت دین کی پیغمبرانہ ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سنٹرل ایگزیکٹو کونسل اور سنٹرل ورکنگ کونسل کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر بریگیڈیر (ر) اقبال احمد خان، خرم نواز گنڈاپور، محمد رفیق نجم، جی ایم ملک، رانا محمد ادریس، جواد حامد، بشارت جسپال، میاں ریحان مقبول، نور اللہ صدیقی، فرح ناز، سید امجد علی شاہ، نور محمد سہو، رانا فیاض، مظہر محمود علوی، عرفان یوسف، سہیل احمد رضا، شہزاد رسول، میاں عبدالقادر، میاں کاشف، سدرہ کرامت و دیگر رہنما شریک تھے۔ عوامی تحریک کے مرکزی صدر قاضی زاہد محمود نے آن لائن اجلاس میں شرکت کی۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے مزید کہا کہ تحریک منہاج القرآن نے دعوت دین کے کام کو آئندہ نسلوں تک منتقل کرنے کیلئے اسے انسٹیٹیوشنلائز کیا ہے۔ افراد کے کام انکی زندگیوں تک ہوتے ہیں جبکہ ادارے رہتی دنیا تک مفید اور رہنمائی کا ذریعہ ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ منہاج القرآن نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی فکری رہنمائی اور سرپرستی میں منہاج یونیورسٹی لاہور، کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز، منہاج ویمن کالج خانیوال، منہاج ایجوکیشن سوسائٹی، منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن، آغوش آرفن کیئر ہوم، لارل ہوم سکولز جیسے ادارے بنائے جن سے لاکھوں کی تعداد میں خاندان مستفید ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان شیخ الاسلام کی علم، امن اور اعتدال کی تعلیمات پر مبنی فکر کے فروغ کیلئے منہاج القرآن کا حصہ بنیں اور دعوت دین کے کام میں اپنا حصہ ڈالیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top