شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی نئی کتاب ”حضور نبی اکرم ﷺ کا پیکر جمال“ شائع ہو گئی
لاہور (5 دسمبر 2020ء) تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سیرت النبی ﷺ کے موضوع پر 3 نئی کتب شائع ہوگئی ہیں۔ان میں ”حضور نبی اکرم ﷺ کا پیکر جمال“ ”نبوت محمدیﷺ کا آغاز کب ہوا؟“ اور ”حضور نبی اکرم ﷺ کے خصائل مبارکہ“ شامل ہیں۔
”حضور نبی اکرم ﷺ کا پیکر جمال“ ایک ایسی خوبصورت اور ایمان افروز کتاب ہے جس کا مطالعہ کرنیوالے کائنات کی افضل ترین ہستی کو چشم تصور میں دیکھتا ہوا محسوس کرتے ہیں۔ آپ کی رنگت، جسم اطہر کی لطافت و نظافت، بدن اطہر سے اٹھنے والی خوشبوئے عنبرین، موئے مبارک، ریش مبارک، چشمان مقدس، دلنشین آواز، مطہر بطن اقدس، مشک بار رخسار، ہاتھ اور کلائیوں کی ساخت، انگلیاں، قدمین مبارک تمام بدنی اوصاف وخصائل اور شمائل احادیث مبارکہ کی روشنی میں انتہائی دلنشیں انداز میں بیان کئے گئے ہیں۔
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری لکھتے ہیں کہ تمام انبیاء و رسل کے جمیع اوصاف و خصائص، محامد و محاسن اور رعنائیوں، زیبائشوں کو اللہ تعالی نے آپ ﷺ کے وجود اطہر میں جمع فرما دیا۔ پیغمبرامن و سلامتی کا یہ زندہ و جاوید معجزہ ہے کہ آپ ﷺ کے حالات و واقعات پوری شرح و بسط کے ساتھ رقم ہیں، یہ فخر بھی تاقیامت مسلمانوں کے ساتھ رہے گا کہ کسی شخصیت کے حالات آج تک اس جامعیت کے ساتھ قلمبند نہیں ہوئے جس طرح آپ ﷺ کے رقم ہیں۔ یہ کتاب منہاج القرآن کے مرکزی سیل سنٹر (04235168514) پر دستیاب ہے۔ عشاقان مصطفی ﷺ کیلئے ایک نایاب تحفہ ہے۔
تبصرہ