جہاں انسانی حقوق کا احترام ہو گا وہاں امن ہو گا: ڈاکٹر طاہرالقادری

Dr Tahir ul Qadri

لاہور (10 دسمبر 2020ء) قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر ویڈیو لنک پر سینئر رہنماؤں کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جہاں انسانی حقوق کا احترام ہو گا وہاں امن اور خوشحالی ہو گی، فی زمانہ انصاف انسانوں کا سب سے بڑا بنیادی حق ہے، جب انصاف سے محروم کیا جاتا ہے تو ردعمل میں انتہا پسندی اور تشدد جنم لیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کے ہر الہامی اور غیر الہامی مذہب میں حقوق انسانی کی بات کی گئی ہے مگر اس باب میں اسلام سب سے آگے ہے، پیغمبر اسلام ﷺ نے خطبہ حجتہ الوداع میں انسانی حقوق کے بارے میں تفصیل بیان فرمائی۔ اسلام میں بنیادی انسانی حقوق کا تصور احترام انسانیت سے منسلک ہے، انہوں نے کہا کہ سورہ بنی اسرائیل میں اللہ رب العزت نے فرمایا ”اور بے شک ہم نے بنی آدم کو عزت بخشی“ اور انسانیت کی فضیلت کو اس انداز سے بیان کیا کہ ”ہم نے انسان کو بہترین (اعتدال اور توازن والی) ساخت پر بنایاہے“ اسلام نے انسان کو شرف و تکریم سے نوازا، اسلام میں بے گناہ کی جان لینا اس کا استحصال کرنا اور بلا جواز تکلیف اور اذیت میں مبتلا کرنا، کسی کے مذہبی جذبات کا مجروح کرنا قابل گرفت جرم اور گناہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام کا حقوق انسانی کا چارٹر دنیا کا پہلا چارٹر ہے جس میں عالم انسانیت کو مذہبی، اخلاقی، معاشی، معاشرتی اور سیاسی حقوق عطاء کئے گئے، حقوق انسانی کے باب میں خواتین، بچے، جوان، بوڑھے، یہاں تک کہ حیوانات سبھی شامل ہیں، انہوں نے کہا کہ اسلام جملہ شعبہ ہائے حیات میں اعتدال اور توازن کا درس دیتا ہے، یہی اعتدال اور توازن انسانی حقوق کا فلسفہ حیات ہے، اسلام طاقتور کے مقابلے میں کمزور، ظالم کے مقابلے میں مظلوم کے ساتھ کھڑے ہونے کی تعلیمات دیتا ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top