قائداعظم اسلامی فکر کے علمبردار تھے: ڈاکٹر طاہرالقادری
عقیدہ اسلام کے اظہار پر انہوں نے کبھی معذرت خواہانہ رویہ اختیار نہیں کیا
اسلام کے نظام معیشت، معاشرت کے حوالے سے ان کے نظریات واضح تھے
قائد تحریک منہاج القرآن نے کرسمس کے موقع پر مسیحی عوام کو مبارکباد دی
لاہور (24 دسمبر 2020ء) قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح رحمۃ اللہ علیہ کے یوم ولادت کے موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ قائداعظم کردار کی پختگی اور گفتار کی صداقت کی وجہ سے ایک عظیم اور سحر انگیز شخصیت کے مالک تھے، اہل علم و دانش جانتے ہیں قائداعظم اسلامی فکر کے علمبردار تھے، عقیدہ اسلام کے اظہار پر انہوں نے کبھی معذرت خواہانہ رویہ اختیار نہیں کیا تھا، اسلام کے نظام سیاست، معیشت اور معاشرت کے حوالے سے ان کے خیالات واضح اور ہر نوع کے ابہام سے پاک صاف تھے۔
ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ ایک موقع پر لارڈ ماؤنٹ بیٹن نے تقریر میں قائداعظم اور مسلمانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ غیر مسلموں کے ساتھ رواداری کے معاملے میں شہنشاہ اکبر اعظم کے انتظامی نمونے کی پیروی کریں، اس کے جواب میں قائداعظم محمد علی جناح رحمۃ اللہ علیہ نے لارڈ ماؤنٹ بیٹن کو کہا غیر مسلموں کے ساتھ خیر سگالی، رواداری کے حوالے سے جس رویے کا مظاہرہ اکبر اعظم نے کیا تھا وہ آج کی تاریخ نہیں ہے اس کی ابتداء 15 صدیاں قبل ہمارے پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺ کے عمل سے ہوئی تھی، پیغمبر اسلام ﷺ نے یہودیوں اور مسیحوں پر فتح حاصل کرنے کے باوجود ان کے ساتھ حسن سلوک کیا تھا، ان کے مذہب اور عقائد کے بارے میں انتہائی رواداری، لحاظ اور احترام کا اظہار کیا تھا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ اس موقع پر بانی پاکستان نے تاریخ اسلام کا ایک شاندار سبق دہراتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں نے جہاں بھی فتح حاصل کی وہاں انسانی حقوق کا احترام کیا اور شرافت، لیاقت اور دیانت سے کام لیا۔
دریں اثناء قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے مسیحی عوام کو کرسمس کی مبارکباد دی اور ان کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ تمام مذاہب امن کی قدرِ مشترک کے ساتھ دنیا کو امن و رواداری کا گہوارہ بنانے کے لئے شانہ بشانہ کردار ادا کریں۔
تبصرہ