مرکزی نظامت تربیت کے زیراہتمام 5 روزہ استقبالیہ و تربیتی کیمپ کا آغاز
تحریک منہاج القرآن کی مرکزی نظامتِ تربیت کے شعبہ تنظیمی تربیت کے زیراہتمام 5 روزہ ’’استقبالیہ و تربیتی کیمپ‘‘ برائے رفقاء تحریک منہاج القرآن کا آغاز ہو گیا۔ افتتاحی روز شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے بذریعہ ویڈیو لنک خصوصی گفتگو کی۔
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کیمپ کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے تمام رفقاء کو تحریک منہاج القرآن کی فیملی کا حصہ بننے پر مبارکباد پیش کی اور خوش آمدید کہا۔ آپ نے عصرِ حاضر میں حفاظتِ ایمان کے حوالے سے بات کی اور یہ واضح کیا کہ تحریک منہاج القرآن کس طرح ایمان، عقیدہ اور انسانی اقدار کی حفاظت کا فریضہ سرانجام دے رہی ہے۔
بعدازاں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے خدمتِ دین کی اہمیت اور آج کے دور میں تحریک منہاج القرآن کی ہمہ جہتی خدمات کے حوالے سے بات کی۔ آپ نے اپنی گفتگو کےاختتام پر شرکاء کو چند نصیحتوں کے ساتھ ساتھ تحریک منہاج القرآن کے منہاج العمل پر عمل پیرا ہونے کی ہدایات بطور تاکیداً دیں۔
اس سے پہلے پروگرام کا آغاز تلاو تِ کلام پاک اور نعت ِرسول مقبول ﷺ سے ہوا، جس کی سعادت قاری محمد حسنین فرید (ڈائریکٹر منہاج القرآن اسلامک سنٹر اوڈنسے ڈنمارک ) نے حاصل کی۔ پروفیسر محمد سلیم احمد چوہدری نے شرکاء کو استقبالیہ پیش کیا، انہوں نے کہا کہ آج کے مادی دور میں خدمتِ دین ایک نعمت ہے اور اس کا شکرانہ یہ ہے کہ دین کے اس پیغام کو دوسرے لوگوں تک بھی پہنچایا جائے۔
آنلائن سیشن میں تحریک منہاج القرآن کے 40 سالہ خدمات پر مشتمل ڈاکومنٹری دکھائی گئی۔ پروگرام میں ابتدائی بریفنگ علامہ غلام مرتضٰی علوی نے دی جبکہ کیمپ کے پہلے دن کے اختتام پر نائب ناظم اعلیٰ کوآرڈینیشن TMQ انجینئر محمد رفیق نجم نے تمام رفقاء کو کیمپ میں خوش آمدید کہا۔ انہوں نے بطورِ خاص نظامتِ تربیت کی جملہ ٹیم کو اس کامیاب کیمپ کے انعقاد پر مبارک باد پیش کی۔
تبصرہ