زمانہ چل رہا ہے انسان کی زندگی گھٹ رہی ہے: ڈاکٹر طاہرالقادری

قرآن نے ایمان، نیک اعمال، دعوت حق اور صبر کرنے والوں کو کامیاب قرار دیا
دعا ہے اللہ تعالیٰ ملت اسلامیہ اور پوری انسانیت کو کورونا وائرس سے نجات دے: قائد منہاج القرآن

لاہور (31 دسمبر 2020ء) قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ مختلف معاشروں میں نئے سال کو مختلف انداز کے ساتھ منایا جاتا ہے، اولیائے اللہ اور صوفیائے کرام نئے سال کو کسی اور انداز سے مناتے ہیں، انہوں نے کہا کہ امام غزالیؒ لکھتے ہیں کہ نیا سال مسرت اور شادمانی کا لمحہ نہیں ہوتا، حقیقت میں انسان کی عمر کا ایک سال کم ہو جاتا ہے، زندگی ایک دولت ہے، جب دولت کم ہوتی ہے تو مطلب خسارہ اور گھاٹا ہے، کوئی ذی عقل گھاٹے پر جشن نہیں مناتا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ رب العزت نے سورۃ العصر میں زمانے کی قسم کھا کر کہا ہے کہ انسان خسارے میں ہے، زمانے اور خسارے کے ذکر میں آخر کوئی تو ربط ہو گا جس کا ذکر اللہ رب العزت نے کائنات کی سچی اور حکمت والی کتاب میں کیا ہے۔ اللہ کے اس کلام میں حکمت یہ ہے کہ زمانہ چل رہا ہے مگر انسان کی زندگی گھٹ رہی ہے۔ اور قرآن نے ایمان، نیک اعمال، دعوت حق اور صبر کرنے والوں کو کامیاب انسان قرار دیا، اب اس محدود زندگی میں آخرت کے لئے کیا کمائی کی گئی، کتنا ایمان مضبوط کیا گیا اور اس دائمی زندگی کا کتنا سامان جمع کیا گیا، یہ سوچنے اور سمجھنے والی بات ہے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ جب کسی کا نقصان ہوتا ہے تو وہ زیادہ محنت کر کے اس نقصان کو کم کرنے کی کوشش کرتا ہے، لہٰذا آج یہ گھڑی ہے کہ ہم غور و فکر کریں کہ گزرے ہوئے سالوں میں ہم نے دائمی زندگی کے لئے کیا کمائی کی ہے اور اگر جواب نفی میں آئے تو پھر جو زندگی بچ گئی ہے اس میں اتنی زیادہ محنت کی جائے کہ گزرے ہوئے سالوں کے خسارے کو کم سے کم کیا جا سکے۔ نوجوان اپنی زندگیوں کو غنیمت جانیں اور انہیں بامقصد بنائیں، اپنی زندگی کا ہر لمحہ حصول علم، اللہ اور اس کے رسول کو راضی کرنے میں بسر کریں، یہی کامیابی ہے ورنہ انسان خسارے میں ہے اور اگر زندگی کے یہ قیمتی لمحات ختم ہو گئے تو پھر سوائے پچھتاوے کے اور کچھ نہیں بچے گا اور مومن کبھی گھاٹے اور خسارے والا سودا نہیں کرتا اور نہ ہی اپنے نقصان پر خوشی کے شادیانے بجاتا ہے۔

دعا ہے اللہ تعالیٰ ملت اسلامیہ اور پوری انسانیت کو کورونا وائرس سے نجات دے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top