باہمی نفرتوں کے خاتمے کیلئے خوش اخلاقی سے پیش آئیں: ڈاکٹر طاہرالقادری

اللہ کے رسول کی ایک فضیلت ان کا اعلیٰ اخلاق ہے: قائد تحریک منہاج القرآن
خوش اخلاقی مومن کی صفت ہے، مجلس ختم الصلوۃ علی النبی ﷺ کی تقریب سے خطاب

لاہور (8 جنوری 2021) قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ انسان کی گفتگو اس کی شخصیت کا مظہر و عکاس ہوتی ہے۔ دین اسلام حُسن گفتگو، نرم خوئی اور خوش اخلاقی کا درس دیتا ہے۔ باہمی نفرتوں کے خاتمے کے لئے ایک دوسرے کے ساتھ خوش اخلاقی کے ساتھ پیش آئیں۔ آپ ﷺ کے انداز بیان اور حسن اخلاق سے اپنے اور غیر سب متاثر تھے۔ آپ ﷺ کی زبان مبارک سے کبھی سخت الفاظ اور بد دعا نہ سنی گئی۔ خوش اخلاقی مومن کی صفت ہے۔ اللہ تعالیٰ نے حکم دیا ہے کہ انسان بہترین اخلاق سے خود کو سنوارے اور اسی خوش اخلاقی و حکمت و دانائی سے لوگوں کو دین کی طرف راغب کرے۔ حضور اکرم ﷺ کا فرمان ہے کہ لوگوں میں سب سے زیادہ بہترین شخص وہ ہے جو لوگوں کو سب سے زیادہ فائدہ پہنچانے والا ہے۔ حضور ﷺ سے محبت کرنے والے اور ایمان کی دولت سے مالا مال تمام انسانوں کیلئے ضروری ہے کہ وہ گفتگو کے آداب سیکھیں۔ وہ مجلس ختم الصلوۃ علی النبیﷺ کی ماہانہ محفل سے خطاب کر رہے تھے۔

تقریب میں، علامہ فیاض بشیر، علامہ محمد لطیف مدنی، ، جواد حامد حفیظ اللہ جاوید، علامہ غلام مرتضیٰ علوی، علامہ ظہیر نقشبندی و دیگر موجود تھے۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ الفاظ کی حرمت سے واقف انسان کو دنیا میں وقار و تمکنت حاصل ہوتا ہے۔ اچھا اخلاق ایک ایسا ہتھیار ہے جس سے لوگوں کے دلوں پر حکمرانی کی جا سکتی ہے۔ مسلمان جب تک حسن اخلاق کی صفت خود میں پیدا نہیں کر لیتا، اس کی زندگی دوسروں کیلئے نمونہ عمل نہیں بن سکتی۔ ہر مسلمان دین اسلام کا داعی ہے۔ اس لحاظ سے ہر مسلمان پر لازم ہے کہ وہ خود کو حسن اخلاق سے آراستہ کرے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top