تحریک منہاج القرآن لاہور کی ایگزیکٹو کو نسل کا اجلاس
باغوں کے شہر لاہور میں جگہ جگہ موجود گندگی کے ڈھیروں پر اظہار تشویش
یونین کونسل تنظیمات کو مکمل، مزیدحلقات درود قائم کئے جائیں گے، اجلاس میں فیصلے
منہاج القرآن کے مقاصد کے حصول میں کامیابیوں کیلئے کارکنان کو مزید متحرک ہونا ہو گا: حافظ غلام فرید
اشتیاق حنیف مغل، انجینئر ثناء اللہ خان، چوہدری محمد اقبال، اصغر ساجد، مرزا محمد ندیم بیگ کی اجلاس میں شرکت
لاہور (19 جنوری 2021) تحریک منہاج القرآن لاہور کی ایگزیکٹو کو نسل کا اجلاس صدر لاہور حافظ غلام فرید کی صدارت میں ماڈل ٹاءون میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں تحریک منہاج القرآن لاہور کے ضلعی عہدیداران، پی پی حلقہ جات کے صدور اور ناظمین سمیت تمام تنظیمات کے عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس میں تحریک منہاج القرآن لاہور کی کاکردگی کا جائزہ لیا گیا اور آئندہ کے اہداف کے حوالے سے مشاورت کے بعد اہم فیصلے کئے گئے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جنوری 2021 میں تمام یونین کونسل تنظیمات کو مکمل کیا جائے گا۔ شہر لاہور میں جاری حلقہ ہائے درود کو مزید وسیع کیا جائے گا۔ اجلاس میں باغوں کے شہر لاہور میں جگہ جگہ موجود گندگی کے ڈھیروں پر اظہار تشویش کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا۔ داتا کی نگری اور صوفیائے کرام کے مسکن شہر لاہور کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے حکومت اپنا کردار ادا کرے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ غلام فرید نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کے مقاصد کے حصول میں کامیابیوں کیلئے تمام عہدیداران اور کارکنان کو مزید متحرک ہونا ہو گا۔ کارکنان لاہور تنظیم کے جملہ عہدیداران، کارکنان عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں مزید محنت کریں۔ محنت اور لگن کا کوئی متبادل نہیں۔ منہاج القرآن کے کارکنان قیمتی اثاثہ اور ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لاہور شہر میں موجود گندگی اور تعفن کے باعث بیماریاں پھیلنے کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔ حکومت لاہور شہر کی صفائی کیلئے عملی اقدامات کرے۔
انہوں نے کہا کہ درود و سلام اللہ تعالیٰ کی ان بابرکت نعمتوں میں سے ہے جو اپنے دامن میں بے پناہ فیوض و برکات سمیٹے ہوئے ہیں۔ یہ ایسی لازوال دولت ہے کہ جسے مل جائے اس کے دین و دنیا سنور جاتے ہیں۔ الحمدللہ تحریک منہاج القرآن لاہور کے زیراہتمام سو سے زائد مقامات پر حلقہ ہائے درود کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔ ان حلقہ ہائے درود کے ذریعے قربت رسالت مآب ﷺ اور نسبت رسول اکرم ﷺ کو مستحکم کر کے بارگاہ ایزدی سے برکات کا حصول ممکن بنایا جا رہا ہے۔ جنوری 2021 تک لاہور میں 5 سو سے زائد مقامات پر حلقات درود قائم کر لئے جائیں گے۔
اجلاس میں ناظم منہاج القرآن لاہور اشتیاق حنیف مغل، انجینئر ثناء اللہ خان، چوہدری محمد اقبال، اصغر ساجد، مرزا محمد ندیم بیگ، میاں محمد ارشد، نعمان جاوید، طارق الطاف، اظہر حسین، حاجی اختر سمیت عہدیداران نے شرکت کی۔
تبصرہ