نوجوانوں کو منشیات سے بچانا بڑا چیلنج ہے: ڈاکٹر حسین محی الدین قادری
قائد تحریک منہاج القرآن نے نوجوانوں کو علم، امن اور اخلاق سکھایا
نوجوان لسانیت اور انتہاپسندی سے دور رہیں: صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل
ونٹرسٹڈی کیمپ سے مرکزی صدرایم ایس ایم عرفان یوسف نے بھی خطاب کیا
لاہور (22 جنوری 2021) منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ گلگت بلتستان اور بلوچستان سے تعلق رکھنے والے طلبہ کیلئے منعقدہ ونٹر سٹڈی و تربیتی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو منشیات سے بچانا ریاست، علماء کرام، سول سوسائٹی، سیاسی اور مذہبی جماعتوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ صحت مند، تعلیم یافتہ اور باکردار نوجوان ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہیں۔ انسداد منشیات کیلئے میڈیا مرکزی کردار کا حامل ہے۔ منہاج القرآن نوجوانوں کی تعلیم و تربیت کی سب سے بڑی تحریک ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری 4 دہائیوں سے نوجوانوں کو علم، امن اور اخلاق سکھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان اور بلوچستان کے نوجوان محب وطن، امن پسند اور علم دوست ہیں۔ ان طلباء کو منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں خوش آمدید کہتا ہوں۔ یہ عظیم طلبہ علم اور تربیت کیلئے طویل ترین سفر طے کر کے لاہور آئے ہیں۔ اللہ رب العزت حصول علم کی ان کی اس کاوش کو قبول فرمائے۔
ونٹرسٹڈی و تربیتی کیمپ سے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی صدر چوہدری عرفان یوسف نے بھی خطاب کیا اور طلبہ کو منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں خوش آمدید کہا۔ طلبہ کو ڈائریکٹر تربیت علامہ غلام مرتضیٰ علوی نے مختلف موضوعات پر لیکچرز دیئے۔ ونٹر سٹڈی کیمپ میں فرحان عزیز، راجہ عطاء المصطفیٰ، حسن علی، فراز ہاشمی و دیگر طلبا رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔
ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے مزید کہا کہ طلبہ خود کو ہر نوع کی لسانیت اور انتہا پسندی سے دور رکھیں۔ انتشار پسند عناصر فساد فی الارض کیلئے نوجوانوں کو گمراہ کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو تعلیم اور تربیت یافتہ نوجوانوں کی ضرورت ہے۔ نوجوان سائنس، طب، انجینئرنگ اور آئی ٹی شعبے کے ایکسپرٹ بنیں اور تحقیق و مطالعہ کو اپنا شعار بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ قرآن مجید علوم و فنون کا منبع و ماخذ ہے۔ قرآن مجید کی تلاوت اور اس پر غور و تدبر کریں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے تالیف کردہ قرآنی انسائیکلوپیڈیا کا بطور خاص مطالعہ کریں۔ ونٹرسٹڈی کیمپ میں جی بی اور بلوچستان کے 70 طلبہ شریک ہیں یہ تربیتی سیشن ایک ماہ جاری ہے گا۔
تبصرہ