دینی مدارس شرح خواندگی میں اضافہ کا ذریعہ ہیں: خرم نواز گنڈاپور
مدارس میں پڑھنے والے لاکھوں بچے ریاست کی خصوصی توجہ کے مستحق ہیں
مدارس کے موثر کردار کیلئے انتظامی و نصابی اصلاحات کے حق میں ہیں
دینی مدارس کے طلبہ کو بھی ڈاکٹر، انجینئر، وکیل اور جج بننے کیلئے مساوی مواقع ملنے چاہئیں
لاہور (24 جنوری 2021) منہاج القرآن انٹرنیشنل کے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ دینی مدارس شرح خواندگی میں اضافہ کا ذریعہ ہیں یہ ایک بہت بڑی دینی، عوامی، قومی خدمت ہے۔ مدارس میں پڑھنے والے بچے ریاست کی خصوصی توجہ کے مستحق ہیں۔ مدارس کے موثر دینی، اخلاقی، اصلاحی و تعلیمی کردار کیلئے انتظامی و نصابی اصلاحات کے حق میں ہیں۔ وہ کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز، جامع منہاج القرآن کے فیکیلٹی ممبران اور سینئرز لیکچررز سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی، علامہ میر آصف اکبر، علامہ عین الحق بغدادی موجود تھے۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ دینی مدارس میں پڑھنے والے بچوں کا بھی یہ حق ہے کہ وہ جج، وکیل، صحافی، ڈاکٹر، انجینئر اور آرمی آفیسر بن سکیں اور ہر سطح کے مقابلوں کے امتحانات میں شامل ہو سکیں اور انہیں تعلیم و ترقی کے مساوی مواقع ملنے چاہئیں۔ انہوں نے کہاکہ ادارہ منہاج القرآن کے بانی و سرپرست اعلیٰ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا تعلیمی ویثرن ہے کہ پاکستان کو باوقار ملک بنانے کیلئے یکساں نظام تعلیم اور نصاب تعلیم ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری چاہتے ہیں کہ مدارس میں زیر تعلیم طلبہ بھی بطور معاشی، زرعی، طبی ماہر اور آئی ٹی ایکسپرٹ قومی و بین الاقوامی سطح پر اپنا تعمیری کردار ادا کریں۔ دینی مدارس کے لاکھوں طلبا و طالبات اور ہزاروں مدرسین کو قومی دھارے اور عصری تعلیم و تحقیق سے الگ رکھنا ان کے ساتھ سخت زیادتی ہے۔
تبصرہ