منہاج انٹرنیٹ بیورو کے زیراہتمام قائد ڈے تقریب
لاہور (25 فروری 2021ء) تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منہاج انٹرنیٹ بیورو کے زیراہتمام شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 70ویں سالگرہ کی مناسبت سے ’شیخ الاسلام کا فروغِ اسلام میں جدید ذرائع سے استفادہ‘ کے عنوان سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کہا کہ مجدد کی یہ شان ہوتی ہے کہ وہ اپنے عصری تقاضوں کے مطابق تجدید و احیاء دین کا کام کرتا ہے۔ لوگوں کے ذہنوں کے گرد تنگ نظری، شدت پسندی اور نفرت کے دائروں کو توڑ کر سوچوں میں وسعت، رویوں میں اعتدال اور باہمی احترام اور برداشت کی فضاء قائم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری دورِ حاضر کے مجدد ہیں۔ آپ نے 1980ء (1400 ہجری) کو ادارہ منہاج القرآن کی بنیاد رکھ کر اپنی تجدیدی کاوشوں کا آغاز کیا اور صرف 40 سال کے عرصہ میں ایسے ایسے کارنامے سرانجام دیئے کہ عقل دنگ رہ جاتی ہے۔ جب ہمارا مذہبی طبقہ جدید ٹیکنالوجی کو اپنانے سے گریزاں تھا تب شیخ الاسلام نے ان سے منفرد کام کرتے ہوئے اسلام کے آفاقی پیغام کی اشاعت و فروغ کیلئے ان سہولیات سے استفادہ کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ شیخ الاسلام کی شخصیت کا ایک نمایاں پہلو یہ ہے کہ آپ نے ہر شعبہ زندگی کے حوالے سے کام کرتے ہوئے انفرادیت قائم رکھی۔ مجددِ عصر کو یہی زیبا ہے کہ وہ عصری تقاضوں سے ہم آہنگ ہوتا ہے۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ مجید سے ہوا، جس کی سعادت قاری خالد حمید کاظمی نے حاصل کی۔ احسن قریشی اور حافظ اسامہ مجید نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں گلہائے عقیدت پیش کیے، جبکہ یامین مصطفوی اور ثناءاللہ طاہر نے سٹیج سیکرٹری کے فرائض انجام دیئے۔ آئی ٹی منیجر محمد ثناءاللہ نے استقبالیہ کلمات پیش کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سالگرہ کا دن تحریک منہاج القرآن کے رفقاء و وابستگان کے لیے یومِ تشکر اور تجدیدِ عہدِ وفا کا دن ہے۔ دنیا بھر میں تحریک منہاج القرآن کی تنظیمات اور مرکزی سیکرٹریٹ پر موجود تمام شعبہ جات قائد ڈے کے پرمسرت موقع پر اپنے اپنے انداز میں شیخ الاسلام سے محبت، تعلق اور نسبت کا اظہار کرتے ہیں۔ آج کی اس تقریب کے ذریعے منہاج انٹرنیٹ بیورو نے شیخ الاسلام کے ساتھ نہ صرف اپنی محبت کا اظہار کیا ہے بلکہ آپ کی طرف سے ملنے والی توجہات اور شفقت پر اپنے انداز سے اظہارِ تشکر بھی کیا ہے۔
تقریب میں نائب صدر تحریک منہاج القرآن بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان، نائب ناظمِ اعلیٰ میڈیا افیئرز نوراللہ صدیقی، نائب ناظم اعلیٰ سید الطاف حسین شاہ، نائب ناظم اعلیٰ رانا محمد فیاض، ناظم اعلیٰ نظام المدارس میر آصف اکبر، ناظم امور خارجہ جی ایم ملک، ناظم پبلیکیشنز حاجی منظور حسین قادری، نائب صدر پاکستان عوامی تحریک راجہ زاہد محمود، ڈائریکٹر منہاج ٹی وی احسن بابا، صدر منہاج القرآن ویمن لیگ فرح ناز، ناظمہ ویمن لیگ سدرہ کرامت، شاہد مرسلین (یوکے)، علی چودھری (یوکے)، ناظم ممبرشپ سرفراز احمد خان، ناظم تمویلات شاہد لطیف، ڈائریکٹر ایڈمن جواد حامد، جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن کے پرنسپل ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی، قاضی فیض الاسلام اور گرین پروفیشنلز فورم کے سرپرست آصف منہاس سمیت مرکزی شعبہ جات کے سرابان نے شرکت کی۔
منہاج انٹرنیٹ بیورو کے ڈائریکٹر عبدالستار منہاجین نے تقریب سے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ دورِ حاضر میں ہر شخص جدید ذرائع ابلاغ اور ماڈرن ٹیکنالوجی کی انفرادی و اجتماعی زندگی میں اہمیت کو نہ صرف تسلیم کرتا ہے بلکہ ہر شخص ان کے فوائد و ثمرات انگلیوں پر گنوا سکتا ہے۔ مگر آج سے محض تین دہائیاں پیچھے چلے جائیں تو صورتحال اس کے بالکل برعکس تھی۔ ہمارا روایتی مذہبی طبقہ جو مغرب سے آنے والی ہر ایجاد کو شک کی نگاہ سے دیکھتا ہے، جدید ذرائع ابلاغ کو نہ صرف اپنانے سے گریزاں تھا بلکہ ان کے استعمال کرنے والوں پر دیدہ دلیری سے کفر و گمراہی کے فتوے لگا رہا تھا۔ اس وقت شیخ الاسلام نے جدید ٹیکنالوجی کا اِستعمال کرتے ہوئے اشاعت اسلام کیلئے نمایاں کارنامے سرانجام دیئے، آپ کے چند نمایاں تاریخی فیصلے درج ذیل ہیں:
- 1982 - ریکارڈنگ آڈیو خطابات
- 1984 – ریکارڈنگ ویڈیو خطابات (جب تصویر بنانا حرام سمجھا جاتا تھا)
- 1984 – نقل مسودات، خطابات کی کتابی شکل میں اِشاعت
- 1987 - کمپیوٹرائزڈ ممبرشپ ریکارڈ (جب حکومتی اِدارے بھی کمپیوٹرائزڈ نہ تھے)
- 1989 - پرنٹنگ پریس کا قیام
- 1993 - جامعہ اسلامیہ کیلئے کمپیوٹر کورسز (جب ملک کے تعلیمی اداروں میں بنیادی سطح کی کمپیوٹر ایجوکیشن بھی میسر نہ تھی)
- 1994 – منہاج القرآن انٹرنیشنل کی ویب سائٹ کا اِجراء (جب ملک میں کسی حکومتی ادارے، کسی صحافتی ادارے، کسی تعلیمی ادارے، کسی بینک کی کوئی ویب سائٹ نہ تھی۔)
- 1996 - منہاج انٹرنیٹ بیورو کا قیام
- 1997 - پہلی آن لائن نشریات، لیلۃ القدر
- 1998 - منہاج یونیورسٹی میں ماڈرن ٹیکنالوجی کلاسز کا آغاز
- 2001 - تحقیق و تصنیف میں جدید ٹیکنالوجی سے اِستفادہ (ہزاروں ڈیجیٹل کتب کو فرید ملتؒ ریسرچ انسٹیٹیوٹ کا حصہ بنا دیا گیا)
- 2002 - منہاج ٹی وی ویب سائٹ کا اجراء
- 2005 - سوشل میڈیا ٹولز سے اِستفادہ
- 2006 - یوٹیوب پر خطابات کا آغاز
- 2009 - ویڈیو کانفرنسنگ کا آغاز
- 2009 – فاصلاتی تعلیم کیلئے اِی لرننگ پروگرام کا آغاز
- 2011 - منہاج ٹی وی کا قیام
- 2016 - منہاج یونیورسٹی میں CMS کا آغاز
- 2021 - منہاج ڈیجیٹل اِنسائیکلوپیڈیا
عبدالستار منہاجین نے تقریب میں منہاج انٹرنیٹ بیورو کے قیام، تاریخی کامیابیوں اور حالیہ سالوں کی کارکردگی پر جامع رپورٹ پیش کی، جسے چیئرمین سپریم کونسل اور شرکاء نے سراہا۔
نائب ناظمِ اعلیٰ میڈیا افیئرز نوراللہ صدیقی نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا شیخ الاسلام کی شخصیت ہر پہلو سے متاثرکن ہے۔ ہماری معاشرت کے ہر شعبہ زندگی پر آپ کی شخصیت کے اثرات دیکھے جاسکتے ہیں۔ آپ نے جدید ذرائع ابلاغ کو فروغِ اسلام کے لیے استعمال کرنے کا فیصلہ اس وقت کر لیا تھا، جب ہمارے جیسے ملک میں کسی کو ان کی اہمیت کا ادراک بھی نہیں تھا۔ یہی وجہ ہے کہ آج سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل میڈیا کے ہر فورم پر تحریک منہاج القرآن نہ صرف سب سے آگے کھڑی نظر آتی ہے بلکہ اس کے کارکنان بھی سوشل میڈیا کے استعمال میں مہذبانہ تاثر رکھتے ہیں۔
چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے منہاج انٹرنیٹ بیورو کی پوری ٹیم کو قائد ڈے کی شاندار تقریب کے انعقاد پر مبارکباد دی۔ تقریب کے اختتام پر شیخ الاسلام کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اور آپ کی صحت و سلامتی کے لیے دعا کی گئی۔
دریں اثناء منہاج انٹرنیٹ بیورو کے سابقہ رکن محترم راشد شہزاد مرحوم کیلئے دعائے مغفرت بھی کی گئی۔
تبصرہ