آج امت مسلمہ کو باہمی محبت کی ضرورت ہے:ڈاکٹر حسن محی الدین قادری

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری فی زمانہ فکر احناف کی سب سے معتبر اور توانا علمی آواز ہیں
علم و تحقیق اور اتحاد امت منہاج القرآن کی شناخت ہے: چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن
اللہ کے چنیدہ بندے فتنوں میں دین کا اجلا چہرہ پیش کرتے ہیں: علامہ سید ضیاء اللہ شاہ بخاری
ڈاکٹر طاہرالقادری نے اسلام کے بارے میں غلط فہمیوں کو دور کیا۔ علامہ مفتی شبیر انجم
ڈاکٹر طاہرالقادری نے امت مسلمہ کی قابل رشک علمی و فکری خدمت کی: علامہ میر آصف اکبر

لاہور (27 فروری 2021ء) چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے منہاج القرآن علماء کونسل لاہور کے زیراہتمام منعقدہ ''اتحاد امت و شیخ الاسلام کانفرنس'' سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک منہاج القرآن نے انتہاء پسندی کے خاتمے کیلئے گرانقدر علمی، تحقیقی خدمات انجام دیں، اور فکری اعتبار سے منتشر امت کو قرآن و سنت کی تعلیمات کی روشنی میں متحد کرنے کیلئے ہمیشہ عملی کاوشیں کی ہیں، عقائد اسلامیہ کا تحفظ، علم و تحقیق اور اتحاد امت منہاج القرآن کی شناخت ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے 21 ویں صدی میں تکفیریت کو قرآن و سنت کی تعلیمات کی روشنی میں جڑ سے کاٹ کر نسلوں کے ایمان و عقائد کی حفاظت کی۔ شیخ الاسلام فی زمانہ فکر احناف کی سب سے معتبر اور توانا علمی آواز ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کی اتحاد امت کے لیے کاوشیں تاریخ کا ایک سنہرا باب ہیں، ان کی سینکڑوں تصانیف بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ کا ذریعہ ہیں۔

اتحاد امت کانفرنس سے امیر متحدہ جمیعت اہل حدیث علامہ سید ضیاء اللہ شاہ بخاری، پیر سید محی الدین محبوب قادری سجادہ نشین حویلیاں شریف، پیر خواجہ اسرار الحق چشتی نظامی، پیر اطہر عباس وارثی قادری، مفتی محمد شبیر انجم، علامہ قاضی عبد الغفار قادری، علامہ میر محمد آصف اکبر قادری ناظم اعلیٰ نظام المدارس پاکستان سمیت رہنماؤں نے خطاب کیا۔ مفتی غلام اصغر صدیقی، علامہ محمد اشفاق چشتی، مفتی محمد رفیق قادری، علامہ سید امداد حسین شاہ، علامہ محمد عامر چشتی، علامہ محمد اکرم طیب و دیگر علماء و مشائخ نے اتحاد امت کانفرنس میں شرکت کی۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ آج امت مسلمہ کو باہمی محبت کی ضرورت ہے۔ وسعت نظری اور وسعت قلبی پیدا کرنے کی ضرورت ہے، تنگ دلی اور تنگ نظری سے ہمیں ہمیشہ نقصان ہی ہوا اور ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اختلافات سے نکل کر اتحاد و اتفاق کی طرف توجہ مبذول کرنے کی ضرورت ہے۔

علامہ سید ضیاء اللہ شاہ بخاری نے کہا کہ اللہ کے رسول ﷺ نے اتحاد امت کے لیے تعلیمات دیں کہ مومن جسم واحد کی طرح ہیں جس طرح جسم کا کوئی حصہ تکلیف میں آئے تو پورا جسم تکلیف میں آ جاتا ہے اسی طرح ایک مومن کی تکلیف پر امت کو اس کا دکھ اور درد اپنے جسم میں محسوس کرنا چاہیے اگر ہم اپنے بھائی کی تکلیف کو محسوس نہیں کرتے تو پھر ہمیں اپنے ایمان کی فکر کرنی چاہئے، اللہ کے چنیدہ بندے فتنوں کے دور میں بھی دین کا اُجلا چہرہ پیش کرتے اور امت کو گمراہی کی دلدل سے نکالتے ہیں۔

علامہ مفتی شبیر انجم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے اسلام کے بارے میں اغیار میں پائی جانے والی غلط فہمیوں کو اغیار کی زبان میں دور کیا، 8 جلدوں پر مشتمل قرآنی انسائیکلوپیڈیا ڈاکٹر طاہر القادری کی ایک عظیم خدمت قرآن ہے۔ فی زمانہ اہل بیت اطہار  علیہم السلام کی ناموس کا تحفظ و دفاع اگر کسی نے کیا ہے تو وہ ڈاکٹر طاہرالقادری ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کا ادارہ منہاج القرآن قرآنی فکر کو عام کر رہا ہے، منہاج القرآن کا فکری سفر علم، تحقیق اور امن کا سفر ہے۔

علامہ میر محمد آصف اکبر نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے علوم العقائد پر 18 کتب تحریر کرکے عقیدہ صحیحہ کا احیاء کیا اور رواں صدی ایک عظیم الشان تجدیدی خدمت انجام دی یہ اہل سنت والجماعت کی قابل رشک علمی و فکری خدمت ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top