کووڈ 19 کی وباء ختم نہیں ہوئی احتیاط ضروری ہے: ڈاکٹر طاہرالقادری
ویکسین کی تیاری خوش آئند تاہم موثر حل احتیاط اور صفائی ہے
تازہ وضو کے ساتھ نماز پنجگانہ کی ادائیگی بہترین حفاظتی تدبیر ہے
لاہور (یکم مارچ 2021) قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ کووڈ 19 کی وباء ختم نہیں ہوئی یہ جان لیوا وائرس بڑے پیمانے پر جانی نقصان کر رہا ہے، لہذا احتیاطی تدابیر کو ترک نہ کیا جائے۔ انہوں نے منہاج القرآن کے اندرون و بیرون مقیم کارکنان اور منہاج القرآن کے ذیلی انسٹی ٹیوشنز کی ایڈمنسٹریشن کو ہدایت کی ہے کہ احتیاطی تدابیر کے ضمن میں کوئی سستی اور غفلت نہ برتی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سمیت یورپ، امریکہ میں کورونا وائرس کے باعث انسانی جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔ پاکستان میں روزانہ درجنوں اموات ہو رہی ہیں اور ہزاروں افراد آج بھی کورونا وائرس کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی ادارے کھل چکے اور تعلیمی سرگرمیاں پوری طرح بحال ہو چکی ہیں۔ اساتذہ، والدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کیے جانے کے حوالے سے طلباء و طالبات کو ایجوکیٹ کریں اور صفائی کا تصور اور اس کی اہمیت کو اجاگر کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلام وہ واحد الہامی ضابطہ حیات ہے جو صفائی کو نصف ایمان قرار دیتا ہے اگر اس ایک الوہی تعلیم پر اس کی روح کے مطابق عمل کر لیا جائے تو ماحولیاتی آلودگی اور امراض سے نجات مل جائے گی۔
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں بھی احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پبلک مقامات پر غیر ضروری آمد و رفت کو محدود کیا جائے، ماسک استعمال کیا جائے اور ہاتھوں کو بار بار دھویا جائے۔ تازہ وضو کے ساتھ نماز پنجگانہ کی ادائیگی کووڈ 19 سے بچنے کی ایک بہترین تدبیر ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ جو افراد کورونا وائرس کی علامات محسوس کر لیں وہ فوری طور پر خود کو الگ تھلگ کر کے علاج کی طرف توجہ دیں۔
تبصرہ